Monday, May 6, 2024

پاکستان کے 14 جنگی ہتھیار !!! جو دشمنوں کا دل دہلائے رکھتے ہیں: 92نیوز کی خصوصی رپورٹ

پاکستان کے 14 جنگی ہتھیار !!! جو دشمنوں کا دل دہلائے رکھتے ہیں: 92نیوز کی خصوصی رپورٹ
June 11, 2015
لاہور (92نیوز) پاکستان کی دفاعی صلاحیت بلاشک و شبہ ناقابل تسخیر ہے۔ دشمن کو یہ جان لینا چاہیے کہ پاکستانی قوم کمزورہے نہ ہی اس کا دفاع۔ ایٹمی صلاحیت کاحامل پاکستان کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی بھرپورصلاحیت رکھتا ہے، کسی کوبھی ہماری دفاعی صلاحیت پرشک نہیں ہونا چاہیے۔ الخالد پاکستان کا جدید ترین ٹینک ہے، یہ پانچ میٹر گہرے پانی سے بھی گزرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ الضرار سب سے زیادہ استعمال ہونے والا پاکستانی ٹینک ہے۔ پینسٹھ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والا یہ ٹینک چار سو پچاس کلومیٹر تک مار کر سکتا ہے۔ براق بغیرپائلٹ اڑنے والا ڈرون طیارہ ہے جو پاکستان نے بنایا ہے۔ یہ ڈرون طیارہ دس گھنٹے تک مسلسل پرواز کر سکتا ہے۔ شاہپر بھی پاکستانی جاسوس طیارہ ہے جو دس گھنٹے تک اڑ سکتا ہے، یہ طیارہ رات کے وقت بھی دیکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ جے ایف سیون ٹین تھنڈر لڑاکا طیارہ ہے جو پاکستان اور چین کا مشترکہ طور پر بنایا گیا ہے۔ غوری پاکستان کا پہلا بیلسٹک میزائل ہے۔ یہ میزائل اٹھارہ سو کلومیٹر تک ایٹم بم ، کیمیکل بم یا پھر روایتی بم لے جا سکتا ہے۔ شاہین ون بیلسٹک میزائل ہے اور یہ ایک ہزار کلومیٹر تک کے فاصلے پر ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ حتف ون بھی بیلسٹک میزائل ہے اور یہ انیس سو نواسی میں بنایا گیا۔ یہ میزائل پانچ سو کلو تک روایتی اور جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ میزائل بابر سات سو کلومیٹر تک دشمن کو نشانہ بناسکتا ہے، اس میزائل کو میزائل بردار گاڑی سے چلایا جاتا ہے۔ ابدالی زمین سے زمین تک مار کرنے والا میزائل ہے اور یہ ہر قسم کا وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ حتف نائن”نصر“ میزائل کا کامیاب تجربہ دو ہزار بارہ میں کیا گیا ، اس میزائل کی رینج ساٹھ کلومیٹر ہے۔ کروز میزائل بابر جوہری اور روایتی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے، یہ سات سو کلو میٹرکے ہدف کو بآسانی نشانہ بنا سکتا ہے۔ غزنوی میزائل دو سو نوے کلومیٹر تک مار کر سکتا ہے ، یہ روایتی اور جوہری دونوں ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ کروز میزائل رعد تین سو پچاس کلو میٹر تک زمین اور سمندر میں اپنے ہدف کو نشانہ بناسکتا ہے۔ یہ میزائل اسٹیلتھ ٹیکنالوجی کا حامل ہے اور ریڈارپر نہیں آسکتا۔