Saturday, May 18, 2024

پاکستان کینگروز سے ٹیسٹ کے بعد ون ڈے سیریز بھی ہار گیا

پاکستان کینگروز سے ٹیسٹ کے بعد ون ڈے سیریز بھی ہار گیا
January 22, 2017

سڈنی (ویب ڈیسک) آسٹریلیا نے ون ڈے سیریز میں تین ایک کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ سڈنی میں کھیلے گئے چوتھے میچ میں گرین شرٹس کو چھیاسی رنز سے ہرا دیا۔ سنچری میکر ڈیوڈ وارنر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

تفصیلات کے مطابق کینگروز کے دیس میں شاہین اڑنابھول گئے۔ ون ڈے سیریز پلیٹ میں رکھ کر میزبان ٹیم کو دے دی۔ آسٹریلیا نے چوتھے میچ میں گرین شرٹس کو شکست دے کر سیریز میں تین ایک کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ تین سو تریپن رنز کے پہاڑ کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم دو سو سڑسٹھ رنز پر ہی ہمت ہار گئی۔ شرجیل خان کے چوہتر رنز کے سوا کوئی بلے باز متاثرکن کارکردگی نہ دکھا سکا۔ 

شعیب ملک سینتالیس رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں کھلاڑی رہے۔ دیگر بلے بازوں میں کوئی بھی جم کر کریز پر نہ ٹھہر سکا۔ محمد حفیظ چالیس، بابراعظم اکتیس، عماد وسیم پچیس، عمر اکمل گیارہ اور محمد رضوان دس رنز بنا پائے۔ کپتان اظہر علی اور محمد عامر دوہرا ہندسہ عبور نہ کر پائے جبکہ جنید خان صفر پر آؤٹ ہوئے۔

حسن علی آٹھ رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کے زامپا اور ہیزل ووڈ نے تین تین، ہیڈ نے دو جبکہ سٹارک اور کیومنز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے پہلے آسٹریلیا نے ڈیوڈ وارنر کے ایک سو تیس رنز کی مدد سے تین سو تریپن رنز بنائے تھے جبکہ میکسویل اٹھہتر اور ٹریوس اکاون رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی طرف سے حسن علی نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عامر نے ایک وکٹ حاصل کی۔