Wednesday, April 24, 2024

پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن نے ایڈوانس انکم ٹیکس کے خلاف ہڑتال کردی

پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن نے ایڈوانس انکم ٹیکس کے خلاف ہڑتال کردی
July 15, 2021

لاہور (92 نیوز) پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن نے ایڈوانس انکم ٹیکس کے خلاف ہڑتال کردی، پنجاب اور سندھ میں ادویات خریداری مراکز ایک روز بند رہے، مالکان کہتے ہیں کہتے ہیں ظالمانہ ٹیکس منظور نہیں، مطالبات منظور نہ ہوئے تو غیر معینہ مدت کیلئے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی۔

پنجاب اور سندھ میں ایڈوانس انکم ٹیکس کے خلاف میڈیکل اسٹور مالکان کا احتجاج کیا، ادویات خریداری کے مراکز ایک روز کے لیے بند کردیئے گئے۔ ہڑتال کے باعث مریضوں کو ادویات کے حصول میں مشکلات کا سامنا رہا۔

لاہور میں بھی ادویات کے تاجروں نے ہڑتال کی، لوہاری میڈیسن مارکیٹ بند کردی۔ تاجروں کا کہنا ہے ٹیکس واپس نہ لیا تو 19جولائی سے غیرمعینہ مدت تک ہڑتال ہوگی۔

فیصل آباد، سرگودھا سمیت ملحقہ شہروں میں ایک روزہ شٹرڈاؤن ہڑتال کی گئی۔ فیصل آباد میں چنیوٹ بازار کی ہول سیل میڈیسن مارکیٹ، پچیس سو سے زائد فارمیسز اور میڈیکل اسٹورز بند کردیئے گئے۔ ادویات کے حصول کیلئے شہری مار ے مارے پھرتے رہے۔

سرگودھا میں ہڑتال کی کال دی گئی تاہم میڈٰکل اسٹور مالکان میں دھڑے بندی نظر آئی۔ شہر میں 60 فیصد سے زائد میڈیکل اسٹور اور فارمیسز نے ہڑتال پر لبیک کہا۔

کامونکی میں کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن نے احتجاجی ریلی نکالی۔

راولپنڈی، اٹک، گجرات اور دیگر شہروں میں بھی میڈیکل اسٹور بند رہے۔ ساہیوال، خانیوال، چیچہ وطنی میں بھی میڈیکل اسٹور مالکان نے احتجاج کیا۔

سکھر اور جیکب آباد سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بھی میڈیکل اسٹورز کے شٹرڈاؤن رہے۔