Wednesday, April 24, 2024

پاکستان کیخلاف نعرے لگانے والے پیپلزپارٹی پر تنقید کر رہے ہیں، بلاول بھٹو

پاکستان کیخلاف نعرے لگانے والے پیپلزپارٹی پر تنقید کر رہے ہیں، بلاول بھٹو
December 13, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) پی پی پی چئیرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پاکستان کیخلاف نعرے لگانے والے پیپلزپارٹی پر تنقید کر رہے ہیں۔

بلاول ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ جب سے پیدا ہوا دہشت گردوں کی جماعت کا راج رہا ہے، یہ لسانیت کی سیاست اور بدمعاشی کریں گے تو ہم جو کریں گے وہ یاد رہے گا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی میں بااختیار بلدیاتی نظام کے نام پر دہشت گردوں کو اختیار دیا گیا، مزید کہا وزیراعظم سرکاری اسپتالوں کا پیسہ نجی اسپتالوں کو دے رہے ہیں، ہیلتھ کارڈ کورونا علاج کا خرچ برداشت نہیں کر سکتا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ لوکل گورنمنٹ (ترمیمی) بل-2021 بلدیاتی اداروں کو سیاسی اور مالی طور پر بااختیار بنائے گا، جبکہ مذکورہ ایکٹ کو کالا قانون وہ قرار دے رہے ہیں، جنہوں نے پنجاب پر لوکل گورنمنٹ آرڈیننس یکطرفہ طور نافذ کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ پراپرٹی ٹیکس بلواسطہ طور بلدیاتی اداروں کے حوالے کیا جائے گا اور جب وہ خود ٹیکس وصول کرنا شروع کریں گے تو ان کے پاس عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے مالی وسائل بھی ہوں گے، آئندہ بلدیاتی الیکشن میں کراچی سمیت ملک بھر کے عوام ثابت کردیں گے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی واحد جماعت ہے جس کے پاس ان کے مسائل کا حل ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہر ٹاوَن کے تعلیم، صحت اور قانون کے محکمے منتخب اداروں کو جوابدہ ہونے سے بلدیاتی ادارے سیاسی طور پر مضبوط ہوں گے، جوانہیں ہر دو ہفتے بعد اپنی رپورٹ پیش کرنے کے پابند ہوں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ سندھ کا نیا لوکل گورنمنٹ ایکٹ پنجاب، اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے بلدیاتی قوانین سے بہتر ہے، کیونکہ سندھ نے بلدیاتی اداروں کو دوسرے صوبوں کے مقابلے بہت زیادہ اختیارات دیئے ہیں۔