Thursday, May 9, 2024

پاکستان کیخلاف بھارتی پروپیگنڈا کا حقائق کیساتھ بھرپور مقابلہ کیا جائے ،وزیر اعظم

پاکستان کیخلاف بھارتی پروپیگنڈا کا حقائق کیساتھ بھرپور مقابلہ کیا جائے ،وزیر اعظم
December 30, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کیخلاف بھارتی پروپیگنڈا کا حقائق کے ساتھ بھرپور مقابلہ کرنے کی ہدایت جاری کر دی ۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں بھارتی پروپیگنڈا اور ہائبرڈ وار کے حوالے سے غور کیا گیا ۔ عمران خان نے کہا بھارتی پروپیگنڈا کا مقصد پاکستان میں انتشار پھیلانا ہے، وہ مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی اقدامات اور علاقائی امن کو لاحق خطرات سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں کیے گئے غیر قانونی اقدامات، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور ہندوفاشسٹ ایجنڈے اور اس کے نتیجے میں علاقائی امن و امان کو درپیش خطرات سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے ۔ بھارتی میڈیا کا پاکستان کے خلاف بے بنیاد اور منفی پراپیگنڈہ اس ضمن میں ہے ۔ اس سب کا مقصد عالمی توجہ ہٹانا ہے اور ملک میں انتشار پھیلانا ہے۔

وزیرِ اعظم نے بھارتی میڈیا کےمنفی پراپیگنڈے کو ناکام بنانے اور اس حوالے سے عوام میں بہتر شعور اجاگر کرنے کے سلسلے میں بھرپور اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بےبنیاد اور من گھڑت مہم کا مقابلہ حقائق سے کیا جائے اور عوام اور عالمی برادری کے سامنے بھارت کا اصل چہرہ سامنے لایاجائے گا ۔

 اجلاس میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرِ اطلاعات سینیٹر شبلی فراز، وزیرِداخلہ شیخ رشید احمد ، وزیرِ مواصلات مراد سعید، معاون خصوصی ڈاکٹر معید یوسف، فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا ڈاکٹر ارسلان خالد و دیگر شریک تھے۔