Saturday, May 11, 2024

پاکستان کی ہمسایہ ممالک کیساتھ برآمدات میں مسلسل کمی

پاکستان کی ہمسایہ ممالک کیساتھ برآمدات میں مسلسل کمی
June 8, 2020

اسلام آباد  ( 92 نیوز) گزشتہ سات برس میں  پاکستان کی ہمسایہ ممالک کے ساتھ برآمدات میں مسلسل کمی آرہی ہے ، ایران کےساتھ برآمدات 5 کروڑ 20 لاکھ امریکی ڈالر سے فقط 0.01 ڈالر رہ گئیں، چین کے ساتھ 17 فیصد گراوٹ، افغانستان کی 79 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہ گئیں، برآمدات میں پانچ سالہ ن لیگی دور میں عموماً اور تحریک انصاف کے دور حکومت میں خصوصاً ریکارڈ کمی ہوئی۔

پاکستان کی معیشت مسلسل گراوٹ کا شکار ہے ، پاکستان کی تمام ہمسایہ ممالک کیساتھ تجارت نقصان میں ہے ، درآمدات کو عروج جبکہ برآمدات کو زوال ہے ۔ اعداد و شمار کے مطابق، پاکستان کی ایران کے ساتھ، 14-2013 میں  5کروڑ 20لاکھ ڈالر برآمدات کم ہو کر 20-2019 میں 0.01 ڈالر رہ گئیں، افغانستان کیساتھ برآمدات ایک ارب 76کروڑ ڈالر سے کم ہو کر 79 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر

اور چین کیساتھ مزید 17فیصد گر گئیں جبکہ بھارت کے ساتھ برآمدات 40کروڑ امریکی ڈالر سے کم ہو کر 83 لاکھ ڈالر رہ گئیں۔

حیرت انگیز طور پر مالی سال 14-2013  سے لے کر مالی سال 20-2019  تک بھارت، ایران، چین سے پاکستانی درآمدات میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، ایران سے درآمدات 17کروڑ 24 لاکھ ڈالر سے بڑھ کر 42 کروڑ 29 لاکھ ڈالر بھارت سے درآمدات 36 کروڑ 68 لاکھ امریکی ڈالر ہوگئیں ،

افغانستان کیساتھ گذشتہ 7 سالوں میں تجارتی توازن کم ہو کر 32 کروڑ 83 لاکھ ڈالر رہ گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ  بھارت کیساتھ برآمدات میں کمی کی بڑی وجہ مسئلہ کشمیر پر جاری کشیدگی بھارت کے پاکستانی مصنوعات کیخلاف مکروہ اقدامات، 200 فیصد ڈیوٹی عائد کرنا بڑی وجوہات ہیں جبکہ ایران کیساتھ برآمدات میں کمی بینکنگ چینلز کا نہ ہونا، امریکی پابندیاں اور پاکستانی چاول پر پابندی ہےجبکہ افغانستان سے نیٹو افواج کے انخلاء کے بعد پاکستانی برآمدات میں واضح کمی واقع ہوئی۔