Sunday, May 12, 2024

پاکستان کی کوشش ہے فلسطین معاملے پر امہ یکجا ہو ، شاہ محمود قریشی

پاکستان کی کوشش ہے فلسطین معاملے پر امہ یکجا ہو ، شاہ محمود قریشی
May 19, 2021

انقرہ (92 نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے پاکستان کی کوشش ہے فلسطین معاملے پر امہ یکجا ہو۔

غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان کی سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا فلسطین کے حوالے سے بیان میں کہنا تھا کہ اوآئی سی پلیٹ فارم سے ہم جتنی مؤثر آواز اٹھا سکتے تھے ہم نے اٹھائی۔ آج ترکی اور فلسطین کے وزرائے خارجہ کے ہمراہ نیویارک روانہ ہو رہا ہوں۔ سوڈانی وزیر خارجہ بھی ہمارے ساتھ نیویارک روانہ ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ جمعرات کو ہم اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں اس معاملے کو اٹھائیں گے۔ ہم نے یورپی ممالک میں مقیم مسلمانوں سے گزارش کی اپنی حکومتوں پر دباؤ ڈالیں ۔ بیشتر یورپی ممالک کے دارالحکومتوں میں بڑے بڑے مظاہرے ہو رہے ہیں۔ لندن میں 2 لاکھ 42 ہزار سے زیادہ لوگوں نے ایک پٹیشن پر دستخط کر دیے ہیں تاکہ ایوان نمائندگان میں بحث ہو سکے۔

شاہ محمود کا کہنا تھا کہ یورپ کے باسیوں نے اپنی حکومتوں کی سوچ کو متاثر کیا ہے۔ آج یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ نے بھی سیز فائر کا مطالبہ کر دیا۔ فلسطین معاملے پر یکجہتی کی کاوشوں کو امریکا نے ویٹو کر دیا۔ آج امریکا کے اندر سے فلسطین کے حق میں آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔

ادھر شاہ محمود قریشی ترکی سے امریکا کے لیے روانہ ہو گئے۔ ترکی، فلسطین، انڈونیشیا اور سوڈان کے ہم منصب بھی ہمراہ ہیں۔ غزہ پر بمباری رکوانے کے لیے امریکا اورعالمی طاقتوں پر دباؤ ڈالا جائے گا۔