Saturday, April 27, 2024

پاکستان کی کامیاب خارجہ پالیسی، افغان طالبان بھی پاکستان آنے پر تیار ہو گئے

پاکستان کی کامیاب خارجہ پالیسی، افغان طالبان بھی پاکستان آنے پر تیار ہو گئے
July 26, 2019
 لندن (92 نیوز) پاکستان کی کامیاب خارجہ پالیسی پر افغان طالبان بھی پاکستان آنے پر تیار ہو گئے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق قطر کے دارالحکومت دوھا میں طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے کہا کہ رسمی طور پر پاکستان کی طرف سے دعوت موصول ہونے پر وہاں جائیں گے۔ افغان امن عمل سے متعلق ترجمان کا کہنا تھا کہ بیرونی قوتوں سے مذاکرات میں کامیابی کے بعد افغان حکومت سمیت دیگر افغان فریقین سے بھی ملاقات کی جائے گی۔ افغانستان میں 18 سال سے زائد عرصے سے جاری طویل جنگ کے خاتمے کے لیے کوششیں جاری ہیں ۔ اس تمام صورتحال میں پاکستان کا کردار بہت اہم ہے اور وہ افغانستان میں پائیدار اور مستقل امن اور افغان تنازع کے حل کے لیے اپنی کوششیں کر رہا ہے۔ دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور افغان صدر اشرف غنی کے درمیان  ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں راہنما  نےافغانستان میں جنگ بندی کی کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا۔ مائیک پومپیو نے افغان صدر اشرف غنی کو یقین دلایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جنوبی ایشیا کے حوالے سے پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ اشرف غنی نے بھی افغانستان میں امن بحال کرنے کیلئے امریکا کے ساتھ مل کر کام کرنے کی یقین دہانی کرائی۔