Saturday, April 27, 2024

پاکستان کی پہلی پاپ سنگر نازیہ حسن کو مداحوں سے بچھڑے بیس برس بیت گئے

پاکستان کی پہلی پاپ سنگر نازیہ حسن کو مداحوں سے بچھڑے بیس برس بیت گئے
August 13, 2020
لاہور (92 نیوز) برصغیر میں پاپ میوزک کی بنیاد رکھنے والی کوئین آف پاپ پاکستانی گلوکارہ نازیہ حسن کو مداحوں سے بچھڑے بیس برس بیت گئے۔ نازیہ حسن نے کئی لازوال گیت گائے۔ گلوکارہ نازیہ حسن نے اپنے فنی کریئر کا آغاز پاکستان ٹیلی وژن کے مشہور پروگرام ’’سنگ سنگ چلیں‘‘سے کیا ۔ اس پروگرام میں ان کے بھائی زوہیب حسن بھی ان کے ساتھ شرکت کرتے تھے۔ دونوں نے گلوکاری کے ساتھ ساتھ اعلی تعلیم بھی حاصل کی۔ عالمی سطح پر نازیہ حسن کو اس وقت شہرت ملی جب انہوں نے فلم قربانی کا مشہور نغمہ ’’آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے‘‘ ریکارڈ کروایا۔ فلم ’’قربانی‘‘ کے اس نغمے کی مقبولیت کے بعد نازیہ اور زوہیب حسن کا مشہور البم ’’ڈسکو دیوانے‘‘ریلیز ہوا جس نے کامیابی کے ریکارڈ قائم کیے۔ ان کے گانے ویسٹ انڈیز، لاطینی امریکا، برطانیہ اور روس کے میوزک چارٹس میں بھی سرفہرست رہے۔ نازیہ حسن کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا ہو کر 13 اگست 2000ء کو مداحوں کو سوگوار چھوڑ گئیں۔