Thursday, April 18, 2024

پاکستان کی ون ڈے رینکنگ میں تنزلی ،چیمپئنز ٹرافی میں شرکت بھی خطرے میں پڑگئی

پاکستان کی ون ڈے رینکنگ میں تنزلی ،چیمپئنز ٹرافی میں شرکت بھی خطرے میں پڑگئی
April 30, 2015
دوبئی(سپورٹس ڈیسک)آئی سی سی نے ون ڈے اور ٹی ٹوینٹی کرکٹ کی نئی رینکنگ جاری کر دی۔ پاکستان کی دونوں فارمیٹس میں ایک ایک درجہ تنزلی ہو گئی جس سےچیمپئنز ٹرافی میں شرکت بھی خطرے میں پڑ گئی۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی دو ہزار سترہ میں کھیلی جائے گی، کرکٹ کی  عالمی درجہ بندی میں آٹھ بہترین ٹیمیں ایونٹ میں شرکت کے قابل ہوں گی پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست کے بعد درجہ بندی میں نویں پوزیشن پر چلی گئی ہے جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم آٹھویں پوزیشن پر آ گئی ہے۔ ساتویں اور آٹھویں پوزیشن پر موجود ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش پوائنٹس کے اعتبار سے برابر ہیں جبکہ پاکستان کا دونوں سے ایک پوائنٹ کم ہے۔ چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے تیس ستمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔ اس ڈیڈ لائن سے قبل بنگلہ دیش کو بھارت اور جنوبی افریقہ کے خلاف چھ جبکہ پاکستان کو زمبابوے اور سری لنکا کے خلاف آٹھ ون ڈے میچز کھیلنا ہیں۔ اس طرح ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان ساتویں اور آٹھویں پوزیشن کے حصول کے لیے سخت مقابلہ ہے۔ اگر پاکستان اپنی آئندہ دونوں سیریز جیت جاتا ہے تو دو ہزار سترہ میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں اس کی شرکت یقینی ہو جائے گی۔