Tuesday, April 16, 2024

پاکستان کی فلسطینیوں پر تشدد کی شدید مذمت

پاکستان کی فلسطینیوں پر تشدد کی شدید مذمت
May 9, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان نے فلسطینیوں پر تشدد کی شدید مذمت کی۔ صدر عارف علوی، گورنر پنجاب چودھری سرور اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ٹویٹ میں لکھا کتنی گھناؤنی بات ہے کہ فلسطینیوں پر اسرائیلی نسلی امتیاز اور مظالم جاری ہیں۔ مسلمان نمازیوں پر حملوں کے مناظر کو مغربی میڈیا پر معمول کی جھڑپیں قرار دیا گیا۔ میرے بھائی پر امید رہیں۔ وہ وقت دور نہیں جب بین الاقوامی سیاست ذاتی مفادات پر نہیں بلکہ اخلاقیات پر مبنی ہو گی۔

گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے ٹویٹ میں مسجد الاقصی پر اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ کی ویڈیو شیئر کر دی ۔ انہوں نے کہا جب تک کشمیر اور فلسطین کا مسئلہ حل نہیں ہو گا دنیا میں امن نہیں ہو گا۔ مسجد الاقصی پر حملہ بدترین اسرائیلی دہشت گردی ہے۔ اقوام متحدہ کی اسرائیلی دہشت گردی پر خاموشی شر مناک ہے۔ امت مسلمہ کو بھی اسرائیلی دہشت گردی کیخلاف دوٹوک پالیسی بنانا ہو گی۔ بے گناہ نمازیوں کو نشانہ بنا کر اسرائیل نے ہٹلر کے مظالم کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ دنیا میں امن کیلئے کشمیر اور مسئلہ فلسطین کا حل لازم ہو چکا ہے۔ پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں کی آزادی کیلئے ہر فورم پر انکے ساتھ ہے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اہم بیان میں کہا پاکستان نے ہمیشہ اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر حملوں کی پرزور مذمت کی ہے ۔ فلسطینیوں کو ظلم کرکے بےدخل کرنے کا کوئی اخلاقی، سیاسی جواز نہیں بنتا۔ ستائیسویں کی شب مسجد  میں عبادت میں مشغول نمازیوں کو تشدد کا نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت ہے۔ فلسطینیوں پر ظلم و ستم کسی صورت قابل قبول نہیں۔ فلسطینیوں کو ان کے حقوق ملنے چاہئیں۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی بولے پاکستان، فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہے۔ پاکستان، فلسطینیوں کے حقوق کا علمبردار ہے۔ پاکستان نے فلسطین کے حوالے سے ہمیشہ واضح اور ٹھوس موقف اختیار کیا ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ عرب لیگ نے اس حوالے سے ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ عرب لیگ، او آئی سی اور مسلم امہ کو مل کر اس بربریت کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے اور انسانی حقوق کے علمبردار، مغربی ممالک کی توجہ اس جانب مبذول کروانی چاہیے۔

وزیر خارجہ نے کہا اسلاموفوبیا کا ٹرینڈ بڑھتا جارہاہے۔ اس کا حل تلاش کرنا ہو گا۔ حضورﷺ کی شان میں گستاخی کے واقعات، پوری دنیا کے مسلمانوں کی دل آزاری کا سبب بنتے ہیں ۔ حضورﷺ کی شان میں گستاخی، کسی صورت قابل برداشت نہیں ہے۔ جو عناصر نفرت کے بیچ بو رہے ہیں ہمیں مل کر ان کا سدباب کرنا ہو گا۔ میں نے وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں ایران ،ترکی ، انڈونیشین حکام کو اس معاملے پر اعتماد میں لیا۔  مسلم ممالک کو ملکر اوآئی سی کے فورم سے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ء سعودی عرب سے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین برادرانہ تعلقات کو وسعت ملی ہے۔ ہمارے درمیان ادارہ جاتی میکنزم کے قیام کا فیصلہ ہوا ہے۔ پاکستانیوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع کھلیں گے۔

 ادھر وفاقی وزیرِمذہبی اُمور نورالحق قادری نے بھی فلطسینیوں پر تشدد کی مذمت کی اور کہا کہ فلسطینیوں کا جذبہ آزادی قابل قدر ہے، حمایت جاری رکھیں گے، عالمی برادری اسرائیلی جارحیت کا نوٹس لے۔