Thursday, April 25, 2024

پاکستان کی عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لینے کی اپیل

پاکستان کی عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لینے کی اپیل
October 16, 2016
اسلام آباد (92نیوز) مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر پاکستان کا عالمی برادری کو پیغام۔ اقوام متحدہ‘ او آئی سی اور سلامتی کونسل کے مستقل ممبران مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔ فیکٹ فائنڈنگ مشن بھجوا کر انسانیت کے خلاف جرم کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر عالمی برادری کو کھلاپیغام دیتے ہوئے کشمیریوں کی نسل کشی روکنے اور حریت رہنماوں کو رہا کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سو دنوں میں برہان وانی سمیت کئی کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل کیا جا چکا ہے۔ بھارتی افواج نے ایک سو پچاس سے زائد کشمیریوں کو شہید اور 1500 سے زائد کو زخمی کیا۔ ہزاروں کی تعداد میں نو جوان کشمیری بھارتی افواج کے ہاتھوں لاپتہ ہو گئے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ حریت رہنما سید علی گیلانی اور یاسین ملک کو غیرقانونی طور پر قید میں رکھا گیا ہے۔ دونوں حریت رہنماوں کی خرابی صحت پر پاکستان کو شدید تشویش ہے۔ خاتون کشمیری رہنما آسیہ اندرابی کو بھی گزشتہ دو ہفتوں سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی برادری‘ اقوام متحدہ‘ او آئی سی اور سلامتی کونسل کے مستقل ممبران معاملے کا فی الفور نوٹس لیں اور مقبوضہ کشمیر میں فی الفور فیکٹ فائنڈنگ مشن بھجوا کر انسانیت کے خلاف جرم کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔