Thursday, September 19, 2024

پاکستان کی سکیورٹی ٹیم کا دھرم شالا کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ‘ بھارتی حکام سے ملاقاتیں

پاکستان کی سکیورٹی ٹیم کا دھرم شالا کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ‘ بھارتی حکام سے ملاقاتیں
March 7, 2016
لاہور (92نیوز) ڈائریکٹر ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان کی سربراہی میں سکیورٹی ٹیم نے نئی دہلی میں بھارتی حکام سے ملاقاتیں کیں اور ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی سکیورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ سکیورٹی ٹیم نے دھرم شالا کا بھی دورہ کیا اور پاکستان بھارت میچ کے وینیو کا جائزہ لیا۔ تفصیلات کے مطابق سکیورٹی ٹیم نے بھارت میں قومی کرکٹ ٹیم کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے بھارتی حکام سے ملاقاتیں کیں۔ ٹیم نے میچ کے وینیو دھرم شالا کا بھی دورہ کیا اور سٹیڈیم کا جائزہ لیا۔ سکیورٹی ٹیم وطن واپسی پر اپنی رپورٹ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کوپیش کرے گی جس کی روشنی میں قومی ٹیم کو بھارت بھیجنے یا نہ بھیجنے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر، ہیڈ کوچ اور نائنٹی ٹو نیوز کے تجزیہ کار محسن حسن خان نے کہا ہے کہ پاکستانی حکومت ٹیم کو بھیجنے کے حوالے سے جو بھی فیصلہ کرے گی وہ درست ہو گا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان ورلڈ کپ کا میچ انیس مارچ کو دھرم شالا میں شیڈولڈ ہے لیکن ہندو انتہا پسندوں کی دھمکیوں اور ہماچل پردیش حکومت کی طرف سے سکیورٹی فراہم کرنے سے انکار کے بعد دھرم شالا میں میچ کے انعقاد پر بے یقینی کے سائے منڈلانے لگے ہیں۔