Thursday, May 9, 2024

پاکستان کی سب سے بڑی لعنت منی لانڈرنگ ہے، عمران خان

پاکستان کی سب سے بڑی لعنت منی لانڈرنگ ہے، عمران خان
June 29, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا پاکستان کی سب سے بڑی لعنت منی لانڈرنگ ہے۔ قومی اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے ایک دکھ بھری تقریر کی۔ حالات ایسے نہ تھے کہ میں بولتا۔ شہبازشریف کو سوچنا چاہیے تھا کہ روپے کی قیمت کیوں گری؟۔ عمران خان بولے حکومت کو سب سے بڑا ساڑھے 19 ارب کا خسارہ ملا۔ اس کی سب سے بڑی وجہ منی لانڈرنگ ہے۔ حکمران اشرافیہ نے ملک کا پیسہ چوری کر کے باہر بھیجا۔ زرداری فیملی کی اومنی گروپ میں چیزیں تھی، ہنڈی کے ذریعے پیسہ باہر بھیجا۔ وزیر اعظم نے کہا کس منہ سے ڈالر پر بات کر رہے ہیں۔ کوئی بھی ادارہ لیں ریکارڈ خسارہ چھوڑ کر گئے ہیں۔ جو خسارے میں چھوڑ کر گئے وہ ہم سے جواب مانگ رہے ہیں۔ جن پر عوام کا پیسہ چوری کرنے کا الزام ہے وہ ایوان میں تقریر کیسے کرسکتے ہیں۔ عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا پاکستان کی سب سے بڑی لعنت منی لانڈرنگ ہے۔ معاشی ٹیم نے 30 فیصد خسارے پر قابو پایا ہے۔ غیر ضروری درآمدات پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔ احساس پروگرام کا بجٹ 190 ارب کر دیا ہے۔ شعبہ زراعت میں بہتری لائیں گے، کسانوں کے پیکج لائیں گے۔ سی پیک پر چین سے زراعت کے ایم او یو پر دستخط ہوں گے۔ صنعتوں کے ذریعے نوجوانوں کیلئے روزگار لائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے بجٹ میں اضافہ نہ لینے پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا اور کہا تاریخ میں پہلی بار فوج نے بجٹ میں اضافہ نہیں کیا۔ کنٹرول لائن پر کشیدگی کے باوجود بجٹ کم کیا۔ آرمی چیف نے کہا جو پیسہ بچے گا، وہ بلوچستان اور فاٹا پر خرچ ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی سے خطاب میں جہاں اپوزیشن کو ہدف بنائے رکھا وہیں وفاقی وزیر مراد سعید اور حماد اظہر کی دھواں دھار تقریروں کی تعریفیں بھی کرتے رہے ۔ وزیراعظم عمران خان نے ایوان چلانے پر اسپیکر کا بھی شکریہ ادا کیا اور چیف وہپ عامر ڈوگر کی بھی تعریف کی۔