Friday, April 19, 2024

پاکستان کی حسین وجمیل اداکارہ و رقاصہ رانی کی آج 23ویں برسی

پاکستان کی حسین وجمیل اداکارہ و رقاصہ رانی کی آج 23ویں برسی
May 27, 2016
لاہور(92نیوز)دنیائے فلم میں بہت کم ایسے حسین و جمیل چہرے آئے ہیں جو دلکشی اور رعنائی کی دولت کے ساتھ ساتھ فطری طور پر فن اداکاری اور رقص کے اسرار و رموز سے بھی مکمل طور پر آشنا تھے۔ پاکستان کی  ایک ایسی ہی  اداکارہ رانی تھیں جن کی آج 23ویں برسی ہے ۔ تفصیلات کےمطابق جب حسن و جمال اور فن کردار نگاری یکجا ہوئے تو جنم لیا رانی نے اس خوبرو اداکارہ کا اصل نام تھا ناصرہ جو پیدا ہوئیں آغا حشر کے ڈرائیور کے گھر اور پرورش پائی تھیٹر کی مقبول مغنیہ، آغا حشر کی اہلیہ اور فریدہ خانم کی بڑی بہن مختار بیگم کی سرپرستی میں۔ مختار بیگم نے رانی کو رقص کی تربیت دلوائی اور خود ایک محفل میں اسے متعارف کرایا انور کمال پاشا نے مختار بیگم کی سفارش پر ہی رانی کو فلم محبوب میں رقاصہ کا کردار دیا۔ ابتدائی فلموں کی پے در پے ناکامیوں کے باعث رانی کو منحوس اداکارہ کا خطاب ملا لیکن کامیابی کا سفر اس وقت شروع ہوا جب وحید مراد کے ساتھ انکی فلم دیوربھابھی نے ریکارڈ بزنس کیا قسمت مہربان ہوئی تو رانی نے دو دہائیوں تک پردہ سکرین پر راج کیا۔امراؤ جان ادا ثریا بھوپالی، اک گناہ اور سہی، ناگ منی، انجمن، دیوربھابھی اور بہن بھائی جیسی فلموں میں رانی نے اداکاری کے جوہر دکھائے۔ فلموں کی کامیاب کیریئربنانے والی اداکارہ ذاتی زندگی میں تو شائد ناکام ہی رہیں اور27مئی 1993تو دنیافانی سے چل بسیں ۔