Tuesday, May 14, 2024

پاکستان کی جنوبی افریقہ کو پہلے ٹیسٹ میں 7 وکٹوں سے شکست

پاکستان کی جنوبی افریقہ کو پہلے ٹیسٹ میں 7 وکٹوں سے شکست
January 29, 2021

کراچی (92 نیوز) پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے ٹیسٹ میں سات وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان نے 88 رنز کا ہدف تین وکٹوں پر حا صل کر لیا۔ یاسر شاہ، نعمان علی اور فواد عالم نے پروٹیز کو تگنی کا ناچ نچا دیا۔ قومی ٹیم کو دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی۔

جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم پاکستانی اسپن کے جال میں ایسا پھنسی کہ پہلا ٹیسٹ ہار گئی۔ 14 سال بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی پروٹیز ٹیم کو پہلے ٹیسٹ میں سات وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ڈیبیو کر نے والے نعمان علی اور یاسر شاہ پروٹیز کے لیے ڈراؤنا خواب بن گئے، میچ میں سات، سات وکٹیں حاصل کیں۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم دوسری اننگز میں 245 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ڈوسن 64، مارکرم 74، ٹیمبا 40 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ کوئنٹن ڈی کوک دو ڈوپلیسی دس رنز کے مہمان رہے۔ حسن علی ایک وکٹ حاصل کر سکے۔

قومی ٹیم نے 88 رنز کا ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ عمران بٹ 12 عابد علی 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

بابر اعظم 30 رنزبنا کر ایل بی ڈبلیو ہو ئے، اظہر علی 31، فواد عالم 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقہ کی طرف سے نورٹج نے دو، مہاراج نے ایک وکٹ حاصل کی۔

کراچی ٹیسٹ میں سنچری میکر فواد عالم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔