Friday, March 29, 2024

پاکستان کی جانب سے بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی

پاکستان کی جانب سے بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی
February 27, 2019
 سیالکوٹ (92 نیوز) پاکستان کی جانب سے ازلی دشمن بھارت کو منہ توڑ جواب دینے اور دو طیارے مار گرانے پر عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ بے وقوف دشمن کے دانت کھٹے کرنے پر ملک بھر میں افواج پاکستان سے اظہار یک جہتی کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے اور دشمن کے طیارے مار گرانے پر عوام کی خوشی بھی دیدنی ہے۔ پاک بھارت کشیدگی پر سیالکوٹ کے شیر دل عوام کے حوصلے بھی بلند ہیں۔ 1965 کی جنگ میں بھارتی ٹینکوں کا قبرستان بنانے والے سیالکوٹ کے شہری اب بھی ازلی دشمن کو ناکوں چنے چبوانے کے لیے پُرعزم ہیں۔ بھمبر کے عوام کے حوصلے بھی بلند ہیں۔ سرحد پر آنے اور جانے والے پاک فوج کے قافلوں کا شاندار استقبال کیا گیا۔ شہریوں نے اپنے ہیروز پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ بصیر پور میں بھی پاک فوج سے اظہار یک جہتی کے لیے ریلی نکالی گئی۔ شرکا نے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ چلنے کے عزم کا اظہار کیا۔ وہاڑی میں دشمن کے طیارے مار گرانے پر عوام کے جوش وخروش میں اضافہ ہو گیا۔ سکھ اور مسیحی برادری بھی پاک فوج کے حق میں سڑکوں پر نکل آئی۔ پاک فوج کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔ ملک کی حفاظت کے لیے ہر قربانی کے عزم کا اظہار کیا۔ سوات میں شیر دل جوانوں کی جانب سے دشمن کے دانت کھٹے کرنے اور بھارتی طیارے مار گرانے پر شہریوں کا خوشی کا اظہار سامنے آیا۔ مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ ضلع بھر میں فضا پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔ لنڈی کوتل بازار میں بھی پاک فوج کی حمایت میں مظاہرہ کیا گیا اور بھارتی جارحیت کی بھرپور مذمت کی گئی۔ مظاہرین نے ملک کے دفاع کے لیے ہرقربانی دینے کاعزم بھی کیا۔ باجوڑ میں قبائلی عوام نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ ایبٹ آباد میں بھی سول سوسائٹی ، طلبہ ، سیاسی جماعتوں اور صحافی برادری  پاک فوج سے اظہار یک جہتی کے لیے سڑکوں پر نکل آئی۔ عوام نے بھارتی طیارے مار گرانے پر پاک فوج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بھارتی جارحیت اور پاک فوج سے اظہار یکجتہی کے لیے طلبہ اور وکلا برادری نے ریلی نکالی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ جارحیت کی گئی تو بھارت کو منہ توڑ جواب ملے گا، دشمن کے خلاف پوری قوم متحد ہے۔ کھپرو میں بھی پاک فوج کی حمایت میں ریلی نکالی گئی۔ شہریوں نے پاک فوج کے حق اور بھارت کے خلاف نعرے لگائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے۔ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ٹنڈو محمد خان میں سول سوسائٹی نے پاک فوج کی حمایت میں ریلی نکالی۔ جیکب میں بھی بھارت کے جنگی جہاز گرانے پر جشن منایا گیا۔ شہریوں نے قومی پرچموں کے ساتھ ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا۔ اسکردو میں ہاتھوں میں پاکستانی پرچم اٹھائے شہری سڑکوں پر آگئے اور پاک فوج کی شاندار کامیابی کا جشن منایا۔ میرپور آزاد کشمیر میں بھی پاک فوج کی کامیاب کارروائی پر کشمیر پریس کلب کی جانب سے مٹھائی تقسیم کی گئی۔ نارووال ، ظفروال ، عارفوالا ، بہاولنگر، بھکر ، فورٹ عباس ، مظفرآباد ، دادو اور ٹنڈوالہ یار میں بھی شہری پاک فوج سے اظہار یک جہتی کے لیے سڑکوں پر نکل آئے اور بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے پر خوشی کا اظہار کیا۔