Friday, March 29, 2024

پاکستان کی بھارتی قابض فورسز کی جانب سے کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت

پاکستان کی بھارتی قابض فورسز کی جانب سے کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت
June 2, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان نے بھارتی قابض فورسز کی جانب سے کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کی۔ پاکستان نے شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے جعلی مقابلوں، نام نہاد "دراندازی" کے الزامات میں کشمیری نوجوانوں کے قتل پر شدید تشویش ہے۔ پاکستان کشمیریوں کی تربیت اور دراندازی کے الزامات کو مسترد کرتا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں 13 کشمیری نوجوانوں کا قتل، ہندوستانی حکومت کے انسانیت کیخلاف جرائم کا عکاس ہے۔ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ عالمی برادری میں ہندوستان کے بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈے کی کوئی حیثیت نہیں۔ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں جاری داخلی مذاحمت کو "دہشتگردی" کا نام دیکر بدنام کرنا چاہتا ہے۔ عالمی برادری کے سامنے راشٹریہ سوک سنگھ، بھارتیہ جنتا پارٹی کے غیر انسانی اقدامات آشکار ہو چکے۔ آر ایس ایس، بھارتیہ جنتا پارٹی کا انتہا پسند ہندتوا ایجنڈا دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔ پاکستان مخالف پروپیگنڈہ ہندوستان کی مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی، مظالم سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے  کہا ہے کہ کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں نے دیا ہے۔ کشمیری اپنے پیدائشی حق خودارادیت سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔ پاکستانی قیادت اور عوام آخری دم تک کشمیریوں کی غیرمتزلزل حمایت جاری رکھیں گے۔ مطالبہ کیا کہ عالمی برادری بھارت کو کشمیریوں کے خلاف سنگین جرائم کے ارتکاب سے روکے۔ ہندوستان کا بین الاقوامی قانون اور انسانی حقوق کنونشنز کے تحت محاسبہ یقینی بنایا جائے۔