Friday, May 17, 2024

پاکستان کی بھارتی سکھ یاتریوں کیلئے فراخ دلی، 10 روز قبل فہرست کی فراہمی کی شرط نرم کر دی

پاکستان کی بھارتی سکھ یاتریوں کیلئے فراخ دلی، 10 روز قبل فہرست کی فراہمی کی شرط نرم کر دی
November 19, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان نے بھارت سے کرتارپور راہداری سے آنے والے سکھ یاتریوں کے مذہبی احساسات کی قدر کرتے ہوئے 10 روز پہلے وزیٹرز کی فہرست کے لازمی تبادلے کے طریقہ کار میں نرمی کر دی۔

سکھ مذہب کے بانی بابا گرونانک دیوجی کا 552 واں جنم دن کی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان نے بھارتی سکھ یاتریوں کے لیے فراخ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یاتریوں کی آمد سے 10 روز قبل فہرست کی فراہمی کی شرط نرم کر دی ہے۔ پاکستان نے بھارتی سکھ یاتریوں کو یہ سہولت 30 نومبر تک دی ہے۔

طے شدہ ضابطہ کار کے تحت یاتریوں کی فہرست آمد سے 10 روز قبل فراہم کرنا لازم ہے۔ بھارت کا اچانک راہداری کھولنے کا فیصلہ یاتریوں کے لیے مسائل کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا تھا۔ اقدام کا مقصد سکھ برادری کی مذہبی عبادات کی ادائیگی کو مکمل پرسکون بنانا ہے۔

فہرست قبل ازوقت فراہمی کا مقصد کلیئرنس امور کے باعث غیرضروری تاخیر سے بچنا ہے۔ بھارت نے اچانک راہداری کھولنے کا فیصلہ کیا، طے شدہ طریقہ کار پر عمل نہیں کیا گیا۔ امید ہے بھارتی حکومت یکم دسمبر سے دوبارہ طے شدہ طریقہ کار پر عملدرآمد کرے گی۔