Wednesday, May 8, 2024

پاکستان کی افغان امن کیلئے کوششوں کو دنیا سراہتی ہے،شاہ محمود

پاکستان کی افغان امن کیلئے کوششوں کو دنیا سراہتی ہے،شاہ محمود
February 14, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان  کی افغان قیام امن کی کوششوں کو دنیا  سراہتی ہے ۔ جرمنی روانگی سے قبل سرکاری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ میونخ میں عالمی سکیورٹی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے جا رہا ہوں، کانفرنس میں عالمی سلامتی کی صورتحال پر مستقبل کا مربوط لائحہ عمل مرتب کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  پوری دنیا میں اس وقت افغانستان زیر بحث ہے، میونخ میں افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی سے ملاقات ہو گی، پاکستان اور افغانستان ایک مذاکرے کا حصہ ہوں گے، امریکی کانگریس اور سینیٹ کے وفد سے بھی ملاقات کروں گا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ امریکا اور پاکستان کے تعلقات اہم موڑ پر ہیں، پہلے دن سے کوشش تھی امریکا کیساتھ تعلقات ازسرنو استوار کیے جائیں،  الحمدللہ پیش رفت ہو رہی ہے، پاکستان پر انگلیاں اٹھانے کی بجائے کردار کو سراہا جا رہا ہے۔ خواہش ہے یورپی یونین کی خارجہ امور کی نمائندہ فیڈریکا موغرینی سے ملوں،  یورپی یونین کے تذویراتی سرمایہ کاری منصوبے کو جلد حتمی شکل دینا چاہتے ہیں۔ جرمنی میں 3 روزہ عالمی میونخ سکیورٹی کانفرنس کل سے شروع ہو رہی ہےجس میں  سکیورٹی کانفرنس ،یورپی یونین اتحاد، بین الاقوامی تعاون اہم موضوعات  زیر غور آئیں گے ۔ کانفرنس میں  عالمی منظر نامہ پر بڑی طاقتوں کے مابین رسہ کشی بھی موضوع بحث ہو گی جب کہ  افغانستان کی صورتحال، قیام امن کی کاوشوں پر مذاکرہ بھی منعقد ہو گا۔ کانفرنس میں  تخفیف و تحدید اسلحہ، دفاعی تعاون، موسمیاتی تغیر، بین الاقوامی سلامتی  کے نکات پر بھی بات کی جائے گی ۔