Saturday, May 11, 2024

پاکستان کی 5 آئل ریفائنریوں نے صرف 199 ارب روپے اپ گریڈیشن پر خرچ کئے

پاکستان کی 5 آئل ریفائنریوں نے صرف 199 ارب روپے اپ گریڈیشن پر خرچ کئے
November 12, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان کی 5 آئل ریفائنریوں نے گزشتہ 18 سال میں 237 ارب روپے صارفین سے وصول کئے لیکن ان میں سے صرف 199 ارب روپے ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن پر خرچ کئے۔

ملک کی پانچ آئل ریفائنریوں کی جانب سے گذشتہ اٹھارہ برس کے دوران  پیٹرولیم مصنوعات کے صارفین سے ڈیمڈ ڈیوٹی کے ذریعے 237 ارب روپے وصول کیے جبکہ 199 ارب روپے اپ گریڈیشن پر خرچ  کئے ۔ بائیکو آئل ریفائنری نے 38 ارب روپے وصول کئے جبکہ اپ گریڈیشن پر 53 ارب روپے خرچ کرکے دیگر ریفائنریوں پر سبقت حاصل کر لی ۔

92نیوز کو موصول دستاویز کے مطابق 38 ارب روپے بدستور چار آئل ریفائنریوں کے بینک اکاؤنٹس میں موجود ہیں۔ پاک عرب ریفائنری پارکو نے 76 ارب روپے اکٹھے کیے اور 66 ارب روپے خرچ کیے۔ اٹک آئل ریفائنری نے سب سے کم رقم خرچ کی۔ اٹک ریفائنری نے 47 ارب روپے اکٹھے کیے اور 26 ارب روپے خرچ کیے۔ اسی طرح نیشنل ریفائنری نے 40 ارب روپے اکٹھے کر کے 37 ارب روپے خرچ کیے جبکہ پاکستان ریفائنری نے 36 ارب روپے اکٹھے کر کے 17 ارب روپے اپ گریڈیشن پر خرچ کیے۔

پیٹرولیم ڈویژن نے کابینہ کمیٹی کے تحفظات کے پیش نظر تفصیلی رپورٹ توانائی کمیٹی کو ارسال کر دی ہے۔ کابینہ کمیٹی برائے توانائی پانچ ریفائنریوں کے آڈٹ کا جائزہ لے کر مراعات جاری رکھنے کا حتمی فیصلہ کرے گی۔