Wednesday, April 24, 2024

پاکستان کپ ، خیبرپختونخوا کا بلوچستان کا میچ بارش کی نذر

پاکستان کپ ، خیبرپختونخوا کا بلوچستان کا میچ بارش کی نذر
April 7, 2019

راولپنڈی ( 92 نیوز) پاکستان کپ کے چھٹے ڈے اینڈ نائٹ میچ میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی ٹیمیں ٹکرائیں مگر میچ بارش کی نذر ہو گیا۔

پاکستان کپ کے چھٹے میچ میں بلوچستان نے ٹاس جیت کر خیبرپختونخوا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی ۔

خیبرپختونخوا نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر  358 رنز بنائے ۔

اوپنر سلمان بٹ اور عابد علی نے بلوچستان کے باؤلرز کا خوب امتحان لیا اور 168 رنز کی شراکت داری قائم کی  جہاں عابد علی حارث رؤف کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔

عابد علی نے 77 گیندوں پر 4 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے 95 رنز بنائے ۔

عابد علی نے ساتویں اوور کی پہلی ، دوسری اور تیسری گیند پرحارث رؤف کو چوکے لگا کر ہیٹرک بھی کی ۔

عابد کے بعد عادل امین نے سلمان بٹ کیساتھ12.4اوورز میں   93 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی جہاں عادل عماد بٹ کی گیند پر انہی کو کیچ تھما بیٹھے ، عادل نے  44 گیندوں پر 7چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 50 رنز بنائے ۔

عادل کے بعد خوشدل شاہ نے سلمان بٹ کیساتھ  مل کر ٹیم کے اسکور میں اضافہ کیا ، خوشدل شاہ نے ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 20 رنز بنائے اور محمد عرفان کی گیند پر اسد شفیق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ۔

خوشدل کے بعد زوہیب خان بھی 15 رنز کی اننگز کھیل کر چلتے بنے ،انہوں نے دو چوکوں کی مدد سے  15 گیندوں پر 15 اسکور بنائے ۔

اوپنر سلمان بٹ سینتالیسویں اوور کی 5 گیند پر رن آؤٹ ہو گئے ، انہوں نے ایک چھکے اور 16 چوکوں کی مدد سے 132 گیندوں پر 133 رنز بنائے ۔

وہاب ریاض نے چار گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے چھ رنز بنائے اور حارث رؤف کی گیند پر علی عمران کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔

حارث سہیل  11 گیندوں پر ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 14 جبکہ محمد سعد پانچ گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 8 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔

بلوچستان کی جانب سے محمد عرفان نے 10 اوورز میں ایک وکٹ حاصل کر کے 43 رنز دیے  اور کامیاب باؤلر ٹھہرے ۔

حارث رؤف نے 10 اوورز میں  دو وکٹوں کے عوض 70 ،عماد بٹ نے 10 اوورز میں دو وکٹوں کے عوض 77 جبکہ عمر خان نے دس اوورز میں بغیر وکٹ لئے 77 رنز دیے ۔

بلوچستان کی جانب سے علی عمران 6 اوورز میں 10.33 کی اوسط سے 62 رنز دیکر مہنگے ترین باؤلر ثابت ہوئے ، انہوں نے کوئی وکٹ حاصل نہیں کی ۔

اسد شفیق نے بھی 4 اوورز پھینکے اور 20 رنز دیے ۔

بلوچستان کی ٹیم 359 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میدان میں اتری اور  جارحانہ انداز اپنایا ، اوپنر اویس ضیا اور ذیشان اشرف نے 92 اسکور کی شراکت داری کی ۔

ذیشان اشرف 24 گیندوں پر 26 رنز بنا کر عمید آصف کی گیند پر سہیل خان کو کیچ تھما بیٹھے ، ان کی اننگز پانچ چوکوں سےمزین تھی ۔

ٹاپ آرڈر کپتان اسد شفیق پانچ گیندیں کھیل کر چلتے بنے ، انہوں نے صرف ایک اسکور کیا ، وہ وہاب ریاض کی گیند پر وکٹ کیپر عدنان اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔

عمر اکمل بھی ٹیم کی امیدوں پر پورا نہ اترے اور 8 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے سات رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔ انہیں  عمید آصف کی گیند پر عابد علی نے کیچ پکڑ کر پویلین کی راہ دکھائی ۔

بلوچستان کی ٹیم کے تین  کھلاڑی 111 اسکور پر پویلین جا چکے تھے ۔

اوپنر اویس ضیا62 گیندوں پر ایک چھکے اور 12 چوکوں کی مدد سے 84 رنز اور مڈل آرڈر فواد عالم 8 گیندوں پر 4 رنز کیساتھ کریز پر موجود تھے کہ بارش کی انٹری ہوئی جس کے بعد کھیل دوبارہ شروع نہ کیا جا سکا۔

بلوچستان کی ٹیم نے 17.5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 7.23 کی اوسط سے 129 رنز بنائے ۔