Sunday, May 19, 2024

پاکستان کپ : احمد شہزاد پہلے امتحان میں سرخرو‘ بلوچستان کو 74 رنز سے شکست

پاکستان کپ : احمد شہزاد پہلے امتحان میں سرخرو‘ بلوچستان کو 74 رنز سے شکست
April 24, 2016
فیصل آباد (92نیوز) دو سو چھیالیس رنز کے تعاقب میں بلوچستان کی ٹیم چھیالیس اوورز میں 172 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ زوہیب خان آل راونڈر کارکردگی پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے کپتان احمد شہزاد کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ درست ثابت ہوا۔ زوہیب خان اور احمد شہزاد کی عمدہ بلے بازی کی بدولت کے پی نے بلوچستان کو جیت کے لیے دو سو سینتالیس رنز کا ہدف دیا۔ زوہیب خان نے بیاسی اور احمد شہزاد نے اناسی رنز کی اننگز کھیلی۔ بلوچستان کے عمر گل، سہیل تنویر اور بلاول بھٹی نے دو‘ دو وکٹیں حاصل کیں۔ بلوچستان نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو بابر اعظم کے پچاس رنز کے سوا کوئی کھلاڑی قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا۔ کپتان اظہر علی نے ستائیس رنز بنائے جبکہ سعید اجمل تئیس رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ خیبرپختونخوا کی طرف سے زوہیب خان نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ یاسر شاہ اور ضیاءالحق نے دو‘ دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ یاد رہے کہ خیبرپختونخوا ٹیم کے کپتان یونس خان پاکستان کپ ادھورا چھوڑ کر چلے گئے ہیں جس کے بعد احمد شہزاد کو ان کی جگہ کپتان مقرر کیا گیا۔ یوں احمد شہزاد بطور کپتان اپنے پہلے امتحان میںسرخرو ہوئے۔