Friday, May 17, 2024

پاکستان کو1992 کا ورلڈ کپ جیتے  پچیس برس ہوگئے

پاکستان کو1992 کا ورلڈ کپ جیتے  پچیس برس ہوگئے
March 25, 2017
  لاہور(92نیوز)انیس سو بانوےکے ورلڈکپ میں یادگار فتح کی آج سلور جوبلی ہے ، پاکستان نےمیلبورن میں فائنل جیت کر کرکٹ پر حکمرانی کا تاج پہنا، ایک روزہ کرکٹ پر راج کرنے کا یہ سفر آسان نہیں تھا لیکن عمران خان کی قیادت میں پاکستان  نے چیمپئن بن کردنیائے کرکٹ کو حیران کیا۔ تفصیلات کےمطابق  تاریخی لمحات کی  ان جذبات کی سلور جوبلی ہے  آج اس چیمپئن رات کی۔پاکستان کو1992 کا ورلڈ کپ جیتے  پچیس برس ہوگئے۔ کیا منظر تھا جب شاہینوں نے گوروں کو پچھاڑ کر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ ایک روزہ کرکٹ پر راج کرنے کا یہ سفر آسان نہیں تھا جذبہ تھا ،جنون تھا حوصلے جوان تھے تو قدرت بھی مہربان  ہوئی۔ کیا کالی آندھی کیا کیویزکیا کینگروز  تو کیا  گورے انگریزشاہینوں کو چیمپئن بننے سے کوئی بھی نہیں  روک سکا۔ سیمی فائنل میں انضی کی  میجک اننگز  بھی کیا کمال تھی کیویز کو ایسا پچھاڑا کہ کہیں کا نہیں چھوڑا۔ فائنل میں سامنے تھی ایونٹ کی طاقتور ترین ٹیم  لیکن گرین شرٹس ایسی چمکیں کہ گوچ الیون  کی آنکھیں چندھیا گئیں وسیم اکرم کی دو گیندیں  کمال دکھا گئیں۔ عمران خان کی قیادت میں پاکستان  نے چیمپئن بن کر دنیائے کرکٹ کو حیران کر دیا قوم کے لیے اس ناقابل فراموش لمحے کی آج سلور جوبلی ہے۔