Friday, April 26, 2024

پاکستان کو کورونا ویکسین کی فراہمی سے انکار کی خبریں گمراہ کن ہیں، امریکی حکام

پاکستان کو کورونا ویکسین کی فراہمی سے انکار کی خبریں گمراہ کن ہیں، امریکی حکام
November 22, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) کورونا ویکسین کے حصول کے لئے پاکستان کی بھرپور کوششیں جاری ہیں ، امریکی حکام کا کہنا ہے کہ  پاکستان کو کورونا ویکسین کی فراہمی سے انکار کی خبریں گمراہ کن ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کےخلاف ویکسین کے حصول کےلئے حکومت سرگرم ہے،  کورونا ویکسین کی فراہمی بارے پہلے امریکی اقرار اور پھر انکار  سامنے آگیا ۔واشنگٹن انتظامیہ کی طرف ویکسین کی فراہمی کے معاملے پر پاکستان میں امریکی اور امریکا میں پاکستانی سفارتخانوں نے ایسی تمام اطلاعات کی تردید کردی ۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کو کورونا وائرس کیخلاف ویکسین کی فراہمی سے انکار کی خبریں گمراہ کن ہیں، امریکا انتہائی محفوظ اور موثر ویکسین کی تیاری کیلئے پرعزم ہے۔

امریکی حکام کا کہناہے کہ تاحال ویکسین کی امریکی ادارہ جاتی منظوری یا سند یافتہ ہونے کی کوئی حتمی تاریخ طے نہیں۔ امریکی انتظامیہ واضح کر چکی کہ پہلے مقامی ضروریات پوری کی جائیں گی۔ویکسین کی تیاری کیلئے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔

واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کےترجمان کا کہنا ہے کہ ویکسین فراہمی بارے امریکی انکار کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، ابھی تک امریکا میں کوئی مستند ویکسین موجود نہیں،ویکسین کی عدم موجودگی میں انکار کیسا؟،  واضح رہے کہ حکومت نے کورونا وباء کیخلاف محفوظ، موثر ویکسین کے حصول کیلئے 15 کروڑ ڈالرز کی رقم مختص کی ہے۔