Saturday, April 27, 2024

پاکستان کو قرضے کیلئے پیشگی شرائط پر عملدرآمد کرنا ہوگا، آئی ایم ایف

پاکستان کو قرضے کیلئے پیشگی شرائط پر عملدرآمد کرنا ہوگا، آئی ایم ایف
May 13, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) آئی ایم ایف نے پاکستان کو قرضے کیلئے پیشگی شرائط پر عملدرآمد کی شرط بھی عائد کر دی ۔ آئی ایم ایف کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق شرح نمو میں اضافہ اوراسٹیٹ بینک کی خودمختاری لازمی جبکہ پاکستان کو ٹیکس آمدن بڑھانےکیلئےمساوی ٹیکسوں کا نظام لانا ہوگا ۔ بجلی کے واجبات کی وصولی اور مالیاتی خسارہ کم کرنے کی ضرورت ہے،وفاقی حکومت این ایف سی کے نئے فارمولے پر صوبوں سے مذاکرات کرے۔ آئی  ایم ایف کی جانب سے جاری کردہ  اعلامیہ معاہدے کی منظوری آئی ایم ایف کے بورڈ کی منظوری سے مشروط ہے ، پاکستان کو قرضے کے لیے پیشگی شرائط پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔

پاکستان کا آئی ایم ایف سے معاہدے طے پا گیا  ‏

اعلامیہ کے مطابق قرضوں کا بوجھ اتارنا اور بجلی کے واجبات کو وصول کرنا ہوگا ۔ آئی ایم ایف نے این ایف سی فارمولے کو تبدیل کرنے کی شرط بھی رکھ دی ہے ۔  پاکستان کو مالیاتی خسارہ کم  کرنے ، اینٹی منی لانڈرنگ قوانین پر عمل درآمد  ، دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے  اور کاروباری ماحول کو بہتر کرنے کے  لیے اقدامات کرنے کاکہاگیا۔ آئی ایم ایف  کے مطابق  قرض پروگرام کا مقصد پالیسی کو سپورٹ کرنا ہے ، پروگرام کے ذریعے اندرونی اور بیرونی عدم توازن کو درست کیا جائے گا۔ اعلامیہ  میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے  اور معاشی ترقی کی رفتار کم ہورہی ہے۔ پاکستان میں مہنگائی کی شرح بڑھ رہی ہے اسٹیٹ بینک کو مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے اقدامات کرنا ہوں گے۔ اعلامیہ میں یہ بھی تسلیم کیا گیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے اقتصادی صورتحال میں بہتری لانے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔