Friday, April 19, 2024

پاکستان کو شکست‘ انگلینڈ کیلئے تیسرا ون ڈے یادگار بن گیا

پاکستان کو شکست‘ انگلینڈ کیلئے تیسرا ون ڈے یادگار بن گیا
August 31, 2016
ناٹنگھم (ویب ڈیسک) انگلش ٹیم نے تیسرے ون ڈے میں چار سو چوالیس رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا اور پاکستان کو ایک سو انہتر رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز اپنے نام کر لی۔ تفصیلات کے مطابق ناٹنگھم میں کھیلے جانے والے تیسرے ایک روزہ کرکٹ میچ میں انگلینڈ نے جب 444 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا تو وہ تاریخ رقم کر چکے تھے۔ ایلکس ہیلز نے 171 رنز کی اننگ کھیل کر انگلینڈ کی جانب سے ایک اننگ میں سب زیادہ رنز کا ریکارڈ قائم کیا۔ اوپنر جیسن رائے کے علاوہ تمام بلے بازوں نے دل کھول کر پاکستانی باﺅلرز کی پٹائی کی۔ ایلکس ہیلز نے چار چھکوں اور بائیس چوکوں کی مدد سے ایک سو بائیس گیندوں پر 171 رنز کی طوفانی اننگ کھیلی۔ روٹ نے پچاسی رنز بنائے جبکہ بٹلر 90 اور کپتان این مورگن 57 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔ پاکستان کے سب سے سینئر فاسٹ باولر وہاب ریاض مہنگے ترین باولر ثابت ہوئے۔ انہوں نے دس اوورز میں 110 رنز کھائے۔ محمد عامر کی کارکردگی نے بھی مایوس کیا۔ انہوں نے دس اوورز وکٹ حاصل کیے بغیر 72 رنز دیے۔ نوآموز حسن علی دس اوورز میں 74 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کر پائے۔ سپنر یاسر شاہ کا جادو بھی چھو منتر ہو گیا۔ وہ چھ اوورز میں اڑتالیس رنز دے کر کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔ شعیب ملک نے تین اوورز میں چوالیس رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کی۔ کپتان اظہر علی نے ایک اوور کرایا اور بیس رنز کھا کر باولنگ کی ناکامی میں اپنا حصہ ڈالا۔ محمد نواز نے دس اوورز میں باسٹھ رنز دیے اور ایک وکٹ حاصل کی۔ انگلینڈ کے چار سو چوالیس رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے سامنے شاہینوں کے پسینے چھوٹ گئے۔ اوپننگ کے لیے سمیع اسلم اور شرجیل خان کریز پر آئے تو پہلی وکٹ اکیس کے مجموعی سکور پر گری۔ جب سمیع اسلم صرف آٹھ رنز بنا کر واکس کی گیند پر معین علی کو کیچ تھما بیٹھے۔ کپتان اظہر علی سے سمیع کی جدائی برداشت نہ ہوئی اور ساتویں اوور میں صرف تیرہ رنز بنا کر چلتے بنے۔ ان کو بھی واکس نے ہی شکارکیا۔ پاکستان کے ٹاپ اور مڈل آرڈرز میں سے کوئی بھی بلے باز گورے باولرز کے سامنے کھڑا نہ ہو سکا۔ شرجیل خان 58‘ سرفراز احمد 38 اور محمد نواز 34 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ شعیب ملک‘ بابر اعظم اور حسن علی بھی کوئی کارکردگی نہ دکھا سکے۔ پھر آئی وہاب ریاض اور محمد عامر کی باری جو پاکستان کو میچ تو نہ جتوا سکے لیکن جاتے جاتے پاکستانی شائقین کو اچھی انٹرٹینمنٹ فراہم کر گئے۔ دونوں نے آخری وکٹ کی شراکت میں چھہتر رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد عامر نے 22 گیندوں پر چار چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے نصف سنچری مکمل کی اور ون ڈے کرکٹ میں 11 ویں نمبر پر 58 رنز بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔