Friday, April 19, 2024

پاکستان کو دو ہزار پچیس میں چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی مل گئی

پاکستان کو دو ہزار پچیس میں چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی مل گئی
November 16, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) پاکستان کرکٹ کے اچھے دن آنے لگے۔ پاکستان کو دو ہزار پچیس میں چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی مل گئی۔

آئی سی سی نے دو ہزار چوبیس سے اکتیس تک مردوں کے محدود اوورز کے آٹھ ایونٹس کا اعلان کر دیا۔ دو ہزار چوبیس کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی جنوبی افریقہ اور امریکا کریں گے۔ دو ہزار انتیس کی چیمپئنز ٹرافی کا میزبان بھارت ہو گا۔

 ادھر آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 کی میزبانی کرنے والے شہروں کا اعلان کر دیا۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 آسٹریلیا میں  16 اکتوبر سے  13 نومبر تک  کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے 45 میچز ایڈیلیڈ، برسبین، جیلانگ، ہوبارٹ، میلبرن، پرتھ اور سڈنی میں کھیلے جائیں گے۔ پہلی بار ٹرافی جیتنے والی آسٹریلیا کی ٹیم ہوم  کراؤڈ اور گراؤنڈ کے سامنے  اعزاز کا دفاع کرے گی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا سیمی فائنلز 9 اور 10 نومبر کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ اور ایڈیلیڈ اوول میں کھیلے جائیں گے جبکہ  فائنل کا میدان میلبرن کے اسٹیڈیم میں سجے گا۔

آٹھ ٹیموں نے ایونٹ  سپر 12 مرحلے کے لیے   ڈائریکٹ  کوالیفائی کر لیا جس میں پاکستان ،آسٹریلیا ،افغانستان ،بنگلہ دیش ،انگلینڈ ،بھارت ،نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ  شامل ہیں۔ نمیبیا، اسکاٹ لینڈ، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز گروپ ون کے میچز کھیلیں گے۔