Wednesday, April 24, 2024

پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنتا دیکھنا چاہتے ہیں، روسی وزیر خارجہ

پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنتا دیکھنا چاہتے ہیں، روسی وزیر خارجہ
January 16, 2018

ماسکو (92 نیوز) روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا کہ پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنتا دیکھنا چاہتے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان پر الزامات کی بھرمار کی اور دونوں ملکوں کے تعلقات انتہائی کشیدہ ہو گئے لیکن پاکستان کیلئے دنیا کے دروازے بند نہیں ہوئے۔
ایک طرف چین حمایت میں کھڑا ہے تو دوسری طرف سابق سپر پاور اور امریکا کا روایتی حریف روس بھی پاکستان کی حمایت میں کھل کر سامنے آگیا ہے۔
ماسکو میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے سفارت کاری کے حوالے سے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔
نمائندہ نائنٹی ٹو نیوز اشتیاق ہمدانی نے اس موقع پر ان سے پاکستان اور روس کے تعلقات اور تعاون پر سوال کیا۔
جواب دیتے ہوئے روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں پاکستان کی کوششوں نے اہم کردار ادا کیا۔ ایسے دہشت گرد پاکستان کے لئے سنگین خطرہ ہیں جو افغانستان کے ساتھ سرحد پر پھیلے ہوئے ہیں۔ دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کیلئے پاکستان کے ساتھ خصوصی فوجی سازوسامان اور ہیلی کاپٹرز وغیرہ کی فراہمی کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ روس پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنتے دیکھنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ وہ پاکستان کیساتھ ہر طرح کا تعاون کریں گے۔ شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان اور روس کی موجودگی انہیں مزید قریب لائے گی۔