Friday, May 10, 2024

پاکستان کو ایشین ٹائیگر نہیں، عظیم ریاست بنانےکا وعدہ کیا ، وزیر اعظم

پاکستان کو ایشین ٹائیگر نہیں، عظیم ریاست بنانےکا وعدہ کیا ، وزیر اعظم
February 15, 2020
لاہور ( 92 نیوز) لاہور میں شہریوں کو انصاف صحت کارڈ فراہم کرنے کی تقریب  میں وزیر اعظم نے  خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان  کو ایشین ٹائیگر  بنانے کا کبھی نہیں کہا بلکہ ملک کو مدینہ کی ریاست کے اصولوں پر عظیم ریاست بنانے کا وعدہ کیا تھا ، صحت کارڈ کی فراہمی  شہریوں کواوپر اٹھانے اور پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کی جانب اہم قدم ہے ۔ دوران خطاب وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ وہ ملک بنے گا جب آپ اپنا پاسپورٹ دنیا میں لے کر جائیں گے تو آپ کی قدر ہوگی، ٓپ دیکھیں گے کہ ہمارے ملک کی عزت بڑھتی جائے گی، انشاء اللہ باہر سے لوگ نوکریاں ڈھونڈنے آئیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ اپنے پرانے ورکرز سے ایک بات کہتا ہوں، ٓپ بہت مشکل وقت میں بھی میرے ساتھ تھے،آپ میں سے کسی کو اندازہ نہیں کہ یہ ملک کتنا عظیم ملک بننے جارہا ہے، اللہ نے جتنی نعمتیں دی ہیں مجھے بھی نہیں پتہ تھا، اقتدار میں آکر پتہ چلا اللہ نے کتنی نعمتیں دی ہیں، بہت جلد پاکستان میں سسٹم ٹھیک ہوگا،یہاں بیٹھے مافیا کو شکست دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی روپیہ گرتا ہے باہر سے منگوائی جانے والی چیزیں مہنگی ہوجاتی ہیں، ہم 60ارب ڈالر کی چیزیں خریدرہے تھے اور 20ارب ڈالر کی چیزیں بیچ رہے تھے،عمران خان40ارب ڈالر کا خسارہ تھا، مہنگائی تو ہونا ہی تھی، سابقہ حکومت جو خسارے چھوڑ کر گئی اس وجہ سے بھی مہنگائی ہوئی،روپیہ گرنے کی وجہ سے گھی دالیں مہنگی ہوگئیں، آٹا اور چینی مہنگی ہونے میں ہماری کوتاہی ہے، یہ میں مانتا ہوں، اس کے اوپر پوری تحقیقات ہورہی ہیں، میں پتہ چلتا جارہا ہے کہ کون کون سے طبقے نے اس سے فائدہ اٹھایا ہے۔ عمران خان نے سردار عثمان بزدار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ  وزیراعلیٰ پنجاب سے کہوں گا ایم ٹی ریفارمز کو جلدی کریں، سرکاری اسپتالوں میں اس وقت سزا جزا کا سسٹم نہیں، غریب آدمی سرکاری اور پیسے والا پرائیویٹ اسپتال میں جاتا ہے، جو زیادہ پیسے والا ہے وہ لندن کے اسپتال میں علاج کرانے جاتا ہے،ہم اسپتالوں کا مینجمنٹ اسٹرکچر ٹھیک کرنے جارہے ہیں، یہ پرائیویٹائزیشن نہیں ہے۔