Sunday, May 12, 2024

پاکستان کسی کے مفاد کی خاطر اپنے مفاد سے پیچھے نہیں ہٹے گا، فردوس عاشق

پاکستان کسی کے مفاد کی خاطر اپنے مفاد سے پیچھے نہیں ہٹے گا، فردوس عاشق
January 23, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان کسی کے مفاد کی خاطر اپنے مفاد سے پیچھے نہیں ہٹے گا، معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم ڈیووس میں ملاقاتوں میں قومی بیانیے کو اجاگر کر رہے ہیں۔ معاون خصوصی کہتی ہیں کہ وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کسی کی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا۔ دنیا بھر میں پاکستان کی قیادت کو عزت و پذیرائی مل رہی ہے۔ فردوس عاشق نے کہا کہ وزیراعظم بلوچستان کی ترقی کو پاکستان کی ترقی قرار دیتے ہیں۔ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی میں مصروف عمل ہے، وزیراعظم آپ سب کی خواہشوں اور خوابوں کی تعبیر بن رہے ہیں، بارش اور برفباری سے متاثرہ گھروں کو 50 پچاس ہزار روپے دیئے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کا تیسرا بڑا ایئرپورٹ گوادر میں بنایا جا رہا ہے، وفاقی حکومت بلوچستان کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی، بلوچستان میں بارش اور برفباری میں جاں بحق افراد کے خاندانوں کو پانچ 5 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ کوئٹہ میں بھی صحافیوں کے لیے دوسرے صوبوں کی طرح رہائشی کالونی بنائیں گے، پہلے مرحلے میں شہید صحافیوں کے بیس خاندانوں کو رہائش فراہم کریں گے۔ ادھر ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی وحشیانہ مظالم جاری ہیں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مزید 4 معصوموں کو ڈوڈا اور شوپیاں میں شہید کر دیا گیا۔ عائشہ فاروقی نے مزید کہا کہ کشمیری بچوں، ایف اے ٹی ایف پر بھارتی چیف آف ڈیفنس جنرل بپن راوت کے گمراہ کن بیان کی مذمت کرتے ہیں۔