Sunday, September 8, 2024

پاکستان کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے:صدر، وزیراعظم

پاکستان کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے:صدر، وزیراعظم
September 6, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) صدر ممنون حسین اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے یوم دفاع کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے ان تمام شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے مادر وطن کے دفاع کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

صدر نے کہا کہ حکومت نے انسداد دہشت گردی کا قومی لائحہ عمل شروع کیا جس کے تحت مسلح افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کامیابی کے ساتھ ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ کررہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم صرف بابائے قوم کے اتحاد، یقین اور نظم و ضبط کے سنہری اصولوں پر عملدرآمد کے ذریعے ہی اپنے دشمنوں کو شکست دے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان تیز تر ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے اور عالمی اقتصادی برادری میں ہمیں ایک ابھرتی ہوئی معیشت کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاک فوج دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیاں حاصل کررہی ہے اور اس نے اپنی پیشہ وارانہ مہارت کو ثابت کیا ہے اور آپریشن ضرب عضب، ردالفساد اور خیبرفور کے ذریعے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے۔