Wednesday, April 24, 2024

پاکستان کاپھر بھارت کے لیے فضائی حدود بند کرنے پرغور

پاکستان کاپھر بھارت کے لیے فضائی حدود بند کرنے پرغور
August 29, 2019
راولپنڈی ( 92 نیوز) پاکستان کاپھر بھارت کے لیے فضائی حدود بند کرنے پرغور جاری ہے ، فضائی حدود کی بندش سے بھارت کو اربوں روپے  کا نقصان ہوگا، 26فروری سے 16جولائی تک فضائی حدود کی بندش سے بھارت کی 350 پروازیں متاثر اور 15 ارب روپے کا نقصان ہوا۔ پاکستان ایک بار پھر بھارتی جارحانہ رویے کے خلاف  فضائی حدود بند کرنے پر غور کررہا ہے، بھارت پر اس کے اثرات کا اندازہ فروری سے جولائی تک رہنے والی پابندی سے لگایا جاسکتا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کو اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔ فضائی پابندی کے نتیجے میں انڈیا سے یورپ جانے والی پروازوں کے اوسط فاصلے میں 913 کلومیٹر کا اضافہ ہوگا  جو کل سفر کا 22 فیصد جبکہ دورانیہ دو گھنٹے بڑھ جائےگا۔ دہلی، لکھنو، جے پور، چندی گڑھ اور امرتسر سے پرواز کرنے والے طیارے زیادہ متاثر ہوں گے طیاروں کو جنوب میں گجرات یا مہاراشٹر جاکر بحیرہ عرب سے گزر کر یورپ، شمالی امریکا یا مغربی ایشیا کا رخ کرنا ہوگا۔۔ ذرائع کے مطابق ائیر انڈیا کی دہلی سے شکاگو تک نان اسٹاپ پرواز کو ایندھن بھروانے کے لیے یورپ میں رکنا پڑے گا ، ہر ری فیولنگ پر اوسطاً 50 لاکھ روپے کا اضافی خرچ ہوگا۔ مسافروں کے لیے ٹکٹ بھی زیادہ مہنگے ہونگے  ۔ عالمی پروازوں کے آپریشن پر نظر رکھنے والے او پی ایس گروپ نے عالمی سول ایوی ایشن تنظیموں کے ڈیٹا سے اندازہ لگایا کہ فضائی حدود کی بندش سے روزانہ کی بنیاد پر 350 بھارتی پروازیں متاثر ہونگی ۔