Thursday, May 2, 2024

پاکستان کا80فیصد پانی ضائع ہوتا ہے ، وزیراعظم کا ڈیم فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب

پاکستان کا80فیصد پانی ضائع ہوتا ہے ، وزیراعظم کا ڈیم فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب
September 16, 2018
کراچی ( 92 نیوز) وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کراچی میں ڈیم فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دریاؤں کا 80 فیصد  پانی ڈیمز نہ ہونے کے سبب ضائع ہوجاتا ہے ۔ کراچی میں ڈیم فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ  ملک میں ڈیم بنانے کی کوشش نہ کی تو آنے والی نسلیوں کیلئے بہت تاخیر ہو جائے گی ۔ وزیراعظم نے کہا کہ 1947میں فی آدمی 5600کیوبک میٹر پانی دستیاب تھا آج فی آدمی پانی کی دستیابی صرف ایک ہزار کیوبک میٹر رہ گئی ہے۔ہمسایہ ممالک کے پاس ہزاروں ڈیمز ہیں،پاکستان میں صرف 150 ڈیم ہیں ، ہم نے ڈیم کیلئے ہر سال 30 ارب روپے اکٹھا کرنے کا ٹارگٹ رکھا ہے۔ کپتان نے پہلے ہی دورے میں ماسٹر پلان بنانے کا اعلان  کردیا ، گورنر ہاؤس میں  ڈیم فنڈ ریزنگ ڈنر سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی میں  سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ لگائیں گے، سرکلر ریلوے بھی چلائیں گے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ  خالی جگہ پر درخت اگاکر کراچی کو گرین سٹی بنایا جائے گا، سندھ حکومت نے دو ماہ میں کچرا ختم نہ کیا تو یہ کام بھی وفاقی حکومت کرے گی۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ چین میں چوراسی ہزار ڈیمز، ہمارے پاس صرف دو بڑے ڈیم ہیں، ڈیمز بنانا ناگزیر ہے، حکومت کے پاس رقم نہیں، سب کو کردار ادا کرنا ہوگا، بھاشا کےبعد مہمند ڈیم پر کام کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی تنہا ہوا تو پاکستان کو نقصان پہنچا، ایک دور تھا کراچی میں لوگوں کو گھر واپسی کا یقین نہیں ہوتا تھا لیکن اب ایسا نہیں، اسٹریٹ کرائم کا معاملہ ابھی باقی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اب ملک میں کوئی وی آئی پی کلچر نہیں چلے گا، اب عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کریں گے، انشاء اللہ پاکستان عظیم ملک بنے گا۔ انہوں نے پاکستان میں پیدا ہونے والے بنگالی اور افغان بچوں کو شناختی کارڈز دینے کا اعلان بھی کردیا، ڈیم کی فنڈ ریزنگ میں وزارت بحری امور نے دس کروڑ، تاجر و صنعتی برداری نےبھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ تقریب میں ایک ارب سے زائد کا فنڈ اکٹھا کیا گیا۔