Friday, April 26, 2024

پاکستان کا جوانوں کی شہادت پر افغانستان سے شدید احتجاج

پاکستان کا جوانوں کی شہادت پر افغانستان سے شدید احتجاج
March 6, 2017

اسلام آباد (92نیوز) دفتر خارجہ نے پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کے استعمال پر افغانستان کے ڈپٹی ہیڈ مشن عبدالناصر یوسفی کو طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان کی سرزمین ایک بار پھر پاکستان کےخلاف استعمال ہونے لگی۔ مہمندایجنسی میں دہشت گردوں کے حملے پر افغان نائب سفیر کی دفتر خارجہ طلبی ہوگئی۔

پاکستان نے جوانوں کی شہادت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کابل واقعے کی تحقیقات اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرے۔ ڈی جی افغانستان ڈیسک منصور احمد خان نے احتجاجی مراسلہ افغان نائب سفیر کے حوالے کیا۔

احتجاجی مراسلے میں افغانستان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کریں۔ اپنی سرحد پر سکیورٹی کا نظام مضبوط بنائے۔ دہشت گردوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاک افغان سرحد اسی لیے بند کی گئی تاکہ دہشت گرد سرحد کے اس پار نہ آ سکیں۔