Wednesday, April 24, 2024

پاکستان کا ملا منصور کی موت کی تصدیق سے گریز‘ ڈرون حملے پر امریکا سے وضاحت طلب

پاکستان کا ملا منصور کی موت کی تصدیق سے گریز‘ ڈرون حملے پر امریکا سے وضاحت طلب
May 22, 2016
اسلام آباد / کوئٹہ (92نیوز) پاکستان نے طالبان رہنما ملا اختر منصور پر اپنی سرزمین پر کیے جانے والے ڈرون حملے کے بعد امریکا سے وضاحت طلب کر لی۔ دفترخارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہا ہے کہ پاکستان نے امریکا سے ملامنصور پر کیے جانے والے حملے کی وضاحت طلب کرلی ہے۔ اس سے قبل دفتر خارجہ سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ ملا منصور کی ہلاکت کی خبروں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ملا منصور کی ہلاکت سے متعلق رپورٹس میڈیا پر دیکھی ہیں۔ ملامنصور کی ہلاکت کی تصدیق کیلئے معلومات حاصل کر رہے ہیں۔ دوسری جانب بلوچستان کے علاقے نوشکی میں تفتان سے کوئٹہ آنے والی ایک گاڑی میں آگ لگ جانے کے باعث دوافراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے جن کی نعشوں کو آج صبح کوئٹہ سول ہسپتال پہنچایا گیا جن میں سے ایک شخص کی شناخت محمد اعظم کے نام سے ہوئی جو گاڑی کا ڈرائیور ہے جبکہ واقعہ میں جاں بحق دوسرے شخص کی شناخت تاحال نہ ہو سکی۔ عالمی میڈیا‘ امریکی دفاعی ادارے پینٹاگون اور افغان حکومت کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ پاک ایران سرحدی علاقے میں امریکی ڈرون حملے میں افغان طالبان کے سربراہ ملا اختر منصور مارے گئے ہیں جس کی تصدیق افغان طالبان کے رہنما ملا عبدالروف نے بھی کر دی تاہم پاکستان کی جانب سے واقع کی سرکاری سطح پر تصدیق نہیں کی گئی۔ ادھر ڈپٹی کمشنر نوشکی شکیل احمد کی جانب سے میڈیا کو بتایا گیا ہے کہ واقعہ میں جاں بحق ہونے والے ڈرائیور محمد اعظم کا تعلق تفتان سے ہے جب کہ جائے وقوعہ سے دوسرے شخص کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی کاپی ملی ہے جس میں اسکا نام ولی محمد ہے اور پاسپورٹ پر ایران کا ویزہ بھی لگا ہوا ہے۔ واقعہ کے تمام شواہد اکٹھے کر کے اعلیٰ حکام کو آگاہ کر دیا ہے۔ سول ہسپتال کوئٹہ کے پولیس سرجن نے ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق دونوں افراد کی موت دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے ہوئی ہے اور انکے جسم میں لوہے کے ٹکڑے بھی پائے گئے ہیں۔