Saturday, May 11, 2024

پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے، اعجازشاہ

پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے، اعجازشاہ
January 16, 2020
شبقدر (92 نیوز) وفاقی وزیرداخلہ اعجازشاہ نے شبقدر میں فرنٹیئر کانسٹبلری کی پاسنگ آئوٹ تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے، دشمن نے ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو منہ کی کھانا پڑے گی۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ فرنٹیئر کانسٹبلری انتہائی محدود وسائل میں ملک کی دفاع کیلئے گراں قدر خدمات انجام دے رہی ہے۔ ایف سی کے تنخواہوں، پنشن، سوئی گیس، بجلی و دیگر حل طلب مسائل آئندہ مالی سال میں حل کرنے کیلئے بھرپور کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جوانوں کی بہادری دیکھ یقین مسمم ہے کہ پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ فرنٹیئر کانسٹبلری کے بہادرجوان سر پر کفن باندھ کر وطن عزیز کی دفاع کر رہے ہیں۔ فرنٹیئر کانسٹبلری میں اصلاحات کی بدولت بہترین نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ایف سی کے جوان نظم و ضبط کی اعلیٰ اقدار کو برقرار رکھتے ہوئے فقید المثال جرات کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اعجاز احمد شاہ کا مزید کہنا تھا کہ وطن عزیز کی دفاع اور فرائض منصبی کی تکمیل میں ایف سی کے 365 افسروں اور جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ پیشہ ورانہ مہارت اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ٹریننگ مکمل کرنے پر جوانوں اور ایف سی افسران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 1913 سے لیکر تاحال فرنٹیئر کانسٹبلری کے جوان ملک و قوم کی ناموس کی خاطر جان کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔ پاس آئوٹ ہونے والے 900 جوانوں نے مارچ پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا۔