Saturday, May 18, 2024

پاکستان کا مستقبل قابل اور پر جوش نوجوانوں سے وابستہ ہے ، آرمی چیف

پاکستان کا مستقبل قابل اور پر جوش نوجوانوں سے وابستہ ہے ، آرمی چیف
August 6, 2018
راولپنڈی ( 92 نیوز)  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے  آئی ایس پی آر میں کام کرنے والے انٹرنز سے ملاقات کی  اور پروگرام پورا کرنے والے نوجوانوں کو  مبارکباد دی ۔آئی ایس پی آر کے مطابق اپنے خطاب میں سپہ سالار کا کہنا تھا کہ  پاکستان کے پاس قابل اور پرجوش نوجوان ہیں ، ملک کا مستقبل انہیں نوجوانوں سے وابستہ ہے ۔ آرمی چیف کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ نوجوان پاکستان کو آگے بڑھانے کیلئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں، امن و خوشحالی کے نئے دور کے آغاز کیلئے نوجوانوں کو محنت کرنا ہوگی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے  پروگرام مکمل کرنے والے نوجوانوں کو مبارکباد بھی دی ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ آج کے دور میں جنگ کی ماہیت اور نوعیت بدل چکی ، دشمن کا ہدف نوجوان نسل ہے ، پاکستان کے نوجوان ہائبرڈ جنگ کو شکست دیں گے اور یقینی طور پر وطن عزیز کو خطرات سے نجات دلانے  کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے پوری قوم، ریاست اور نوجوان ملکر انتہا پسندی کا خاتمہ اور ملک بھر میں امن و سلامتی یقینی بنائیں گے ۔ سپہ سالار نے کہا کہ فاٹا کے خیبر پختونخواہ میں انضمام سے دہشتگردی کا شکار یہ علاقہ ملک کے دیگر علاقوں کی طرح ترقی کرے گا، تعلیم قومی ترجیح ہے، خوشحال بلوچستان پروگرام کے تحت صوبے میں نسٹ کیمپس قائم کیا، ترقیاتی منصوبوں سے بلوچ نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع مل رہے ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ نوجوان اس ملک کی طاقت ہیں اور امید ظاہر کی کہ نوجوان قیادت میں وطن عزیز محفوظ اور ترقی یافتہ ممالک کی صف میں ضرور شامل ہوگا ۔