Thursday, April 25, 2024

پاکستان کا مسئلہ کشمیر عالمی عدالت میں لے جانے کا فیصلہ

پاکستان کا مسئلہ کشمیر عالمی عدالت میں لے جانے کا فیصلہ
August 20, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان نے مسئلہ کشمیر عالمی عدالت میں لے جانے کا فیصلہ کر لیا۔ عالمی عدالت انصاف میں انسانی حقوق کی پامالی کا معاملہ اٹھایا جائے گا۔ پاکستان مظلوم کشمیریوں کو حق دلانے کیلئے ہر حد پار کرنے کو تیار ہے۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا معاملہ عالمی عدالت انصاف میں اٹھایا جائے گا۔ کابینہ اجلاس میں وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں عالمی مبصر بھیجنے کا مطالبہ کر دیا۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا مودی کی کال کے بعد صدر ٹرمپ نے وزیراعظم کو فون کرکے حقائق معلوم کئے،عمران خان نے امریکی صدر سے ہونے والی بات چیت پر کابینہ کو اعتماد میں لیا۔ وزیراعظم عمران خان کشمیر کے معاملے پر عالمی سطح پر سرگرم ہیں۔ گزشتہ رات امریکی صدر ٹرمپ سے فون پر گفتگو کی جس میں بھارت کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ اس کے بعد امریکی صدر نے ٹویٹ کی کہ ان کا وزیراعظم عمران خان اور نریندر مودی سے رابطہ ہوا جس میں کشمیر کے معاملے پر تناؤ میں کمی پر بات ہوئی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا وزیراعظم نے امریکی صدر پر واضح کیا کہ 5 اگست کے بھارتی اقدامات نے خطے کو خطرات سے دوچار کر دیا۔ وزیراعظم سے سعودی ولی نے بھی رابطہ کیا جس میں مقبوضہ کشمیر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عمران خان نے کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے شہزادہ محمد بن سلمان کو آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے کی مجموعی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔