Sunday, May 5, 2024

پاکستان کا عسکری طاقت کیلئے امریکا کی بجائے چین پر انحصار بڑھ رہا ہے،برطانوی جریدہ

پاکستان کا عسکری طاقت کیلئے امریکا کی بجائے چین پر انحصار بڑھ رہا ہے،برطانوی جریدہ
April 20, 2018
لندن (92 نیوز) پاکستان کا اپنی عسکری طاقت کیلئے امریکا کی بجائے چین پر انحصار بڑھ رہا ہے۔ برطانوی جریدے نے اعدادوشمار جاری کر کے امریکا کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ برطانیہ کے موقر روزنامے فائنینشل ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ پاکستان اپنی فوجی ضرویات کے لیے امریکہ پر انحصار کم کر رہا ہے اور وہ تیزی سے چین کی طرف بڑھ رہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان کی امریکہ سے چین کی طرف منتقلی کی شروعات اوباما انتظامیہ کے آخری کچھ مہینوں میں ہی ہو گئی تھی جب امریکی کانگریس نے لڑاکا جنگی طیارے ایف 16 پاکستان کو بیچنے سے انکار کر دیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کو اس کے بعد محسوس ہوا کہ عسکری طاقت کے حوالے سے امریکہ پر طویل وقت تک انحصار نہیں کیا جا سکتا ہے۔ فائنینشل ٹائمز کے مطابق پاکستان نے اس کے بعد ایف 16 طیاروں سے دھیان ہٹا کر چین کے ساتھ مل کر جے ایف 17 جنگی طیارے تیار کرنے پر کام شروع کیا۔ امریکی کانگریس نے ایف 16 کے معاملے پر پاکستان کے ساتھ سخت موقف اپنایا تو پاکستانی فوج نے دوسرے پارٹنر کی تلاش شروع کر دی اور یہ امریکہ کی جگہ چین نے لی یا پاکستان نے چین کی مدد سے گھر میں ہی ہتھیار تیار کرنے کی کوشش شروع کی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان ہتھیاروں کا معاہدہ ایک ارب ڈالر سے گر کر پچھلے سال 2.1 کروڑ تک پہنچ گیا ہے۔