Saturday, April 20, 2024

پاکستان کا عالمی برادری سے کشمیر کے معاملے پر بھارت کے محاسبے کا مطالبہ

پاکستان کا عالمی برادری سے کشمیر کے معاملے پر بھارت کے محاسبے کا مطالبہ
August 13, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) بھارت نے یکطرفہ غاصبانہ اقدامات کی انتہا  کر دی ، غاصب بھارتی افواج نے کشمیریوں کو سری نگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز عید الاضحیٰ کی ادائیگی سے روک دیا گیا  جس پر پاکستان نے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری سے بھارت کے محاسبے کا مطالبہ کر دیا ۔ دفتر خارجہ نے کہا ہے دنیا بھر کے مسلمانوں نے مذہبی جذبے کیساتھ عید الاضحٰی کی نماز ادا کی جبکہ کشمیریوں کو سری نگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز کی ادائیگی سے روک دیا گیا  ہے ، کشمیری مسلمانوں کی بنیادی مذہبی آزادی کو سلب کرنا عالمی انسانی حقوق قوانین کی شدید خلاف ورزی ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وادی کو وسیع فوجی قید خانے میں تبدیل کر دیا گیا ہے ، بھارت کشمیریوں کو اجتماعی سزا دیکر بڑے پیمانے پر انسانی حقوق اور قوانین کی دھجیاں بکھیر رہا ہے ، عید الاضحٰی کے اہم تہوار پر لاکھوں مسلمانوں پر مذہبی پابندیاں انتہائی قابل مذمت ہیں ۔ دفتر خارجہ نے کشمیری مسلمانوں کی مذہبی آزادیوں پر قدغن اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی وحشیانہ تالا بندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے عید کے تہوار پر کشمیری خاندانوں کو باہم رابطے سے محروم رکھا گیا ۔ پاکستان نے مطالبہ کیا ہے اقوام متحدہ اور عالمی برادری مل کر بھارت کا محاسبہ کرے ۔