Friday, April 19, 2024

پاکستان کا عالمی برادری سے بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خاتمے کا مطالبہ

پاکستان کا عالمی برادری سے بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خاتمے کا مطالبہ
October 7, 2021 ویب ڈیسک

نیو یارک (92 نیوز) پاکستان نے ایک بار پھر عالمی برادری سے بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خاتمے کا مطالبہ کر دیا۔

اقوام متحدہ کی "بین الاقوامی دہشتگردی کے خاتمے کے اقدامات" پر ششم کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ دنیا افغان سرزمین سے ہندوستان کے دہشتگرد حملے رکوانے میں کردار ادا کرے ۔ بھارت دہشتگردی کے لیے متواتر مالی معاونت، سہولت کاری اور تعاون فراہم کر رہا ہے ۔ ہندوستان مسلسل دہشتگردی کے لیے افغان سرزمین کا استعمال کر رہا ہے۔ راشٹریہ سوک سنگ جیسی دہشتگرد تنظیموں پر پابندیاں عائد کی جائیں ۔

مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ پاکستان ریاستی دہشتگردی سمیت ہر قسم کی دہشتگردی کا مخالف ہے۔ پاکستان نے 80 ہزار جانیں قربان کیں۔ 2014ء سے انسداد دہشتگردی آپریشنز جاری ہیں ۔ پاکستان نے عالمی برادری کے ساتھ بے پناہ انسداد دہشتگردی تعاون کیا ۔ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھی ریاستی دہشتگردی جاری رکھے ہوئے ہے۔

منیر اکرم کا کہنا تھا کہ ہندوستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ بھارت، اقوام متحدہ کے تحت کالعدم قرار دی گئی دہشتگرد تنظیموں کو استعمال کر رہا ہے۔ پاکستان نے بھارتی ریاستی دہشتگردی پر جامع ڈوزیئر اقوام متحدہ کے سپرد کیا۔ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے پابندیوں کے میکانزم کو وسیع، کردار کو مضبوط بنایا جائے۔