Thursday, September 19, 2024

پاکستان کا سکیورٹی کلیئرنس تک قومی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ

پاکستان کا سکیورٹی کلیئرنس تک قومی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ
March 6, 2016
اسلام آباد (92نیوز) سکیورٹی کی مکمل یقین دہانی تک ٹیم کو بھارت نہیں بھیجیں گے۔ پاکستان ڈٹ گیا۔ نجم سیٹھی کا کہنا ہے بھارتی حکومت سکیورٹی کیلئے پبلک اسٹیٹ منٹ دے۔ شہریار خان کہتے ہیں ویزوں کا انتظار ہے‘ روانگی میں تاخیر ہوسکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت میں ہندو انتہاپسندوں کی جانب سے دھرم شالہ میں ہونے والے پاک بھارت میچ کی پچ اکھاڑنے کی دھمکی پر وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ سکیورٹی کلیئرنس کی یقین دہانی تک قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت نہیں بھیجا جائےگا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان ورلڈ ٹی ٹوینٹی کا میچ انیس مارچ کو بھارت کے شہر دھرم شالا میں ہونا ہے لیکن ہندو انتہا پسند تنظیموں نے میچ ریاست سے کسی دوسرے مقام پر منتقل نہ ہونے کی صورت میں سٹیڈیم کی پچ اکھاڑنے کی دھمکی دے دی ہے۔ چودھری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ بھارت کی انتہا پسندتنظیموں کے بیانات پرتشویش ہے۔ ٹیم کے لیے بھارت میں بہت سنجیدہ قسم کے خطرات موجود ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدیدار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت پاکستانی کرکٹ ٹیم کی حفاظت کیلئے بیان جاری کرے جبکہ چیئرمین پی سی بی نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے کھلاڑیوں کیلئے ویزوں کا انتظار کر رہے ہیں۔ قومی ٹیم کی روانگی میں تاخیر ہو سکتی ہے۔