Friday, May 10, 2024

پاکستان کا سب سے بڑا چیلنج فوڈ سکیورٹی ہے، وزیراعظم عمران خان

پاکستان کا سب سے بڑا چیلنج فوڈ سکیورٹی ہے، وزیراعظم عمران خان
March 15, 2021

نوشہرہ (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں، پاکستان کا سب سے بڑا چیلنج فوڈ سکیورٹی ہے، زیتون سے فارن ایکسچینج آسکتا ہے، زیتون کی پیداوار سے نوجوانوں کے روزگار کا سلسلہ بن جائے گا، آنے والی نسلوں کو خطرہ کلائمیٹ چینج سے ہے۔

نوشہرہ زیتون کی شجرکاری مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ، زیتون کی پیداوار کا اثر پورے پاکستان میں جائے گا، ایک وقت تھا ہم گندم ایکسپورٹ کرتے تھے، اس سال 40 لاکھ ٹن گندم امپورٹ کی۔ گھی اور پام آئل ہم امپورٹ کرتے ہیں، ہماری ایکسپورٹ اور امپورٹ میں بہت فرق ہے، ہماری ایکسپورٹ بڑھی ہیں، امپورٹ کم کی ہیں۔

اُن کا کہنا تھا، ایک حکومت کی سب سے بڑے ذمے داری ہوتی ہے عوام کیلئے فوڈ سکیور کرے۔ پاکستان ان 10 ممالک میں شامل ہے جو کلائمیٹ چینج سے متاثر ہیں، دنیا میں دوسری نوجوان آبادی پاکستان کی ہے، نوجوانوں کو روز گار دینا بھی بہت بڑا چیلنج ہے، آلودگی بھی ہمارے لیے چیلنج ہے، آنے والی نسلوں کو خطرہ کلائمیٹ چینج سے ہے۔ درختوں لگا کر آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ بنا رہے ہیں۔

وزیراعظم بولے کہ زیتون سے فارن ایکسچینج آسکتا ہے، خیبرپختونخوا کے اکثر علاقوں میں زیتون کی پیداوار ہوسکتی ہے۔ زیتون کو دنیا میں ایکسپورٹ کرسکتے ہیں، یہ بہترین کوکنگ آئل ہے۔ زیتون کی پیداوار سے نوجوانوں کے روزگار کا سلسلکہ بن جائے گا۔

انہوں نے کہا، شہروں میں آلودگی کا مسئلہ بنا ہوا ہے، نوجوانوں اور طلبہ کو بلین  ٹری شجر کاری میں بھرپور شرکت کرنی چاہیے۔ ضروری ہے شہروں میں بھی اربن فارسٹ لگائیں، پھلوں کے درخت بھی اسی کے اندر شامل کرلیں گے۔ پاکستان میں مختلف قسم کے پھلوں کے درخت اگ سکتے ہیں۔ ہمارے پاس 12 موسم ہیں۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے نوشہرہ میں زیتون کی شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ محمودخان بھی ساتھ موجود تھے۔

وزیراعظم کو منصوبے کے بارے بریفنگ دی گئی۔ زیتون کی شجر کاری 10 بلین ٹری سونامی پروگرام کا حصہ ہوگی۔ مہم کے تحت ملک بھر میں موزوں مقامات پر زیتون کی شجر کاری کی جائے گی۔