Tuesday, April 23, 2024

پاکستان کا بیرونی خسارہ آدھا رہ گیا ، آئی ایم ایف کے پیچھے نہیں چھپیں گے، اسد عمر

پاکستان کا بیرونی خسارہ آدھا رہ گیا ، آئی ایم ایف کے پیچھے نہیں چھپیں گے،  اسد عمر
November 29, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نےکہا کہ پاکستان کا بیرونی خسارہ آدھا رہ گیا۔ آئی ایم ایف کے پیچھے نہیں چھپیں گے۔ معاہدہ اپنی شرائط کے تحت کریں گے۔ پی ٹی آئی حکومت کے سو روز مکمل ہونے پر سجی تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر نے بڑا دعویٰ کردیا اور کہا کہ تین ماہ میں پاکستان کا بیرونی خسارہ آدھا کر دیا۔ باقی بھی ختم کریں گے۔ وفاقی وزیر خزانہ نے کہا آئی ایم ایف کے پیچھے نہیں چھپیں گے۔ اپنی شرائط پر معاہدہ کریں گے اور معاہدہ قوم کے سامنے بھی رکھیں گے۔ وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ عمران خان نے بار بار پوچھا اسد غریبوں کا کیا کیا ۔ ہم  عام آدمی کی بجائے امیروں کو ٹیکس کے زمرے میں لائے۔ وفاقی وزیرخزانہ نے وزیراعظم عمران خان کے یوٹرن کے بیان کا دفاع بھی کیا اور کہا کہ قوم کے مفاد میں وزیراعظم یوٹرن لینے کے لئے تیار ہیں۔ اسد عمر اپوزیشن کو بھی تنقید کا نشانہ بنا گئے اور کہا کہ گھسیٹنے کی باتیں کرنے والے آج اکٹھے ہیں۔ وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر نے مزید کہا کہ کسان پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں ۔ غربت اور بے گھر افراد کے لئے کئی پروگرام ترتیب دیئے جا چکے ہیں ۔ ملک کی معیشت میں چھ ہزار ارب روپے  کی سرمایہ کاری کی گنجائش پیدا کی جائے گی۔ ہاؤسنگ پروگرام میں نوکریاں ملیں گیں۔