Thursday, April 18, 2024

پاکستان کا بڑا پن،بھارتی دہشتگرد کلبھوشن کی اہلخانہ سے ملاقات کرادی

پاکستان کا بڑا پن،بھارتی دہشتگرد کلبھوشن کی اہلخانہ سے ملاقات کرادی
December 25, 2017

اسلام آباد ( 92 نیوز ) پاکستان نے بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی دہشتگرد کلبھوشن یادو کی ملاقات اس کی والدہ اور بیوی سے کرادی ۔ ملاقات دفتر خارجہ میں شیشے کے دیوار کے آر پار سے کرائی گئی ۔ گفتگو کیلئے انٹر کام بھی دستیاب تھا ۔ ملاقات کے دوران بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ بھی موجود تھے ۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کلبھوشن تک قونصلر رسائی نہیں دی ۔ پاکستان کے جذبہ خیر سگالی کا نظارہ دنیا نے دیکھ لیا ۔ کلبھوشن یادیو کی والدہ اور اہلیہ سے ملاقات 40 منٹ تک جاری رہی بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر دونوں خواتین کو میڈیا سے بچا کرواپس لے گئے۔

کلبھوشن کی اہلیہ اور والدہ نئی دہلی سے براستہ دبئی اور پھر اسلام آباد پہنچیں ۔ کلبھوشن یادیو کی والدہ مسز اوانتی سدھیر یادیو اور اہلیہ چتانا کلبھوشن نجی پرواز ای کے 612کے ذریعے بینظیر ایئرپورٹ پہنچیں ۔ جہاں سے انہیں پہلے بھارتی ہائی کمیشن لے جایا گیا ۔ وہاں مختصر قیام کے بعد دفتر خارجہ لایا گیا۔

بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ بھی ان کے ہمراہ آئے ۔ گاڑی سے اترتے ہی کلبھوشن کی والدہ اور اہلیہ نے میڈیا کو دیکھ کر نمستے کیا۔

ملاقات سے پہلے دونوں خواتین کو سکیورٹی وجوہات کے پیش نظر نئے ملبوسات فراہم کئے گئے ۔ ملاقات 2بج کر 18منٹ پر دفتر خارجہ کے مخصوص کمرے میں کرائی گئی ۔ جہاں ساﺅنڈ پروف شیشے کے ایک طرف کلبھوشن جبکہ دوسری جانب اس کی والدہ اور اہلیہ براجمان تھیں ۔

تینوں ایک دوسرے کو دیکھ تو سکے تاہم بات چیت انٹر کام کے ذریعے کرائی گئی۔

چالیس منٹ دورانیے کی ملاقات اختتام پذیر ہوئی ۔ کلبھوشن کے اہلخانہ کو ساتھ بٹھایا اور میڈیا سے بات کئے بغیر ہی لے کر چلتے بنے۔