Friday, April 19, 2024

پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کی ہم آواز ، شہر شہر اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں

پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کی ہم آواز ، شہر شہر اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں
September 20, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کی ہم آواز بن گیا۔ شہر شہر اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی گئیں۔ وزیراعظم کے حکم پر قوم یک زباں، ملک بھر میں ہفتہ وار کشمیر ڈے کے موقع پر ریلیاں اور جلوس نکالے گئے۔ لاہور میں بھارتی مظالم کے شکار کشمیری بھائیوں کیلئے اظہار یکجہتی کیلئے اساتذہ اور طلبہ نے ریلیاں نکالیں۔ طلبہ نے  کشمیر میں قتل عام فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ فیصل آباد میں چوک گھنٹہ گھر پر ضلعی اتنظامیہ، اساتذہ اور طلبہ نے کشمیری بھائیوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ ملتان کے چاروں ڈگری کالج برائے خواتین کی طالبات نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی  کیلئے ریلیاں نکالیں۔ شرکا نے بھارت مخالف نعرہ بازی کی۔ پنجاب کے دیگر شہروں  گوجرانوالہ، حافظ آباد، بہاولپور، جھنگ ، بھکر، پاکپتن اور فورٹ عباس میں بھی طلبہ نے بھارتی دہشتگردی کے شکار کشمیریوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ کوئٹہ میں محکمہ وومن ڈویلپمنٹ کی جانب سے یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی جو مختلف راستوں سے گزرتی ہوتی بلوچستان اسمبلی پہنچ کر ختم ہوئی۔ ڈیرہ مراد جمالی میں بھی شہری ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے سڑکوں پر نکلے۔ جتک قبیلے کی جانب سے نکالی جانے والی ریلی کے شرکا نے بھارت مخالف نعرہ بازی کی۔ ڈیرہ بگٹی میں ہندو اور سکھ برادری نے کشمیریوں پر مظالم کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ ایبٹ آباد، میرپور آزاد کشمیر، کوٹلی، چڑھوئی میں طلبہ اور خواتین سمیت شہریوں کی بڑی تعداد کشمیریوں کی آواز بنی۔