Friday, April 26, 2024

پاکستان کا بچہ بچہ بنا کشمیریوں کی آواز ، شہر شہر احتجاج اور ریلیوں کا انعقاد

پاکستان کا بچہ بچہ بنا کشمیریوں کی آواز ، شہر شہر احتجاج اور ریلیوں کا انعقاد
August 23, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کی آواز بن گیا۔ اسلام آباد سمیت شہر شہر احتجاج اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ مقبوضہ وادی کے محصور کشمیر بھائی بہنوں سے اظہار یکجہتی کےلیے ملک بھر میں ریلیاں نکالی گئیں ۔ فضا کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونج اٹھی۔ اسلام آباد میں حریت کانفرنس کے زیر اہتمام اقوام متحدہ آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مبصر مشن کو یادداشت بھی پیش کی۔ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف اقلیتی برادری بھی میدان میں آگئی۔ لیاقت پور میں ہندو برادری کا احتجاجی مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔ مظاہرین نے کشمیریوں اور پاک فوج کے حق میں  نعرے لگائے۔ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پی ایف یو جے کے سیکرٹری جنرل رانا عظیم کی قیادت میں صحافیوں کا قافلہ چکوٹھی آزاد کشمیر روانہ ہو گیا۔ کنٹرول لائن پر بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ  کیا جائے گا۔ مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کے خلاف ملتان کے شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ فیصل آباد میں شہریوں کی بڑی تعداد نے ریلی میں شرکت کی۔ ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی گئی۔ حافظ آباد میں مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی۔ لاڑکانہ میں کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی۔ ٹنڈوآدم میں نکالی گئی ریلی میں  شہریوں ،وکلا، اساتذہ، طلبا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کندھ کوٹ میں پریس کلب سے گھنٹہ گھر تک ریلی نکالی گئی۔ چارسدہ میں نکالی جانے والی ریلی میں  ڈپٹی کمشنر سمیت  دیگر حکام کی شرکت ہوئی۔ کشمیریوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔