Friday, March 29, 2024

پاکستان کا او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان

پاکستان کا او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان
March 1, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان نے او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کردیا۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہماری مشاورت کے بغیر بھارت کو مدعو کیا گیا۔ سشما سوراج شرکت کر رہی ہیں اس لئے میں اجلاس میں نہیں جاؤں گا۔ انہوں نے کہا پاکستان اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے، بھارتی پائلٹ کو بذریعہ واہگہ رہا کر دیا جائے گا۔ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا روس نے پاک بھارت مذاکرات کے لیے ثالثی کی پیشکش کی۔ پاکستان اس پر تیار ہے۔ دوسری طرف اپوزیشن لیڈر نے بھی او آئی سی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی فیصلے کو درست کہہ دیا۔ شہبازشریف بولے بہت اچھا ہو گا اگر دوست ملک پاکستان کے حق میں بیان دیں ۔ آصف زرداری بولے اجلاس میں بھارت کو شرکت کی دعوت کا معاملہ دوست ممالک کے ساتھ اٹھانا چاہئے۔ مودی کا ایڈونچر الیکشن کیلئے تھا ، وہ بیک فائر کر گیا۔ وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ پاکستان اتنی مشکل میں نہیں کہ اپنا دفاع نہ کرسکے، بھارت کو ہر مقام پر ناکامی کا سامنا ہے، ہمارے اتحاد کا پیغام دنیا اور مودی سرکار کو ملنا چاہیے، یہ بھارت کے عوام کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان کا کہنا تھا کہ بھارتی پائلٹ کوچھوڑنا ہمارا اخلاقی فرض تھا، مودی اپنےمفاد کیلیے ملک کوجنگ میں جھونک رہا ہے، کشمیر میں امن کے بغیر کوئی دیرپا حل نہیں ہوسکتا۔ مسلم لیگ ن کے رہنما مشاہد اللہ نے کہا کہ جنگ شکست کا دوسرا نام ہے۔ بھارتی حکومت، میڈیا، عوام پر ان کی فلموں کا بڑا اثر ہے۔ خواجہ آصف بولے کشمیر کا ایجنڈا نہ ختم ہونے والا ایجنڈا ہے۔ کشمیری اپنے شہید پاکستان کے پرچم میں دفن کرتے ہیں۔ وزیر دفاع پرویز خٹک نے بھارت کو ایک بار پھر مذاکرات کی پیشکش کردی۔ کہتے ہیں جنگ نہیں امن چاہتے ہیں لیکن اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔ انہوں نے کہا پلوامہ واقعہ پر پاکستان پر الزام صدی کا سب سے بڑا جھوٹ ہے۔ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں۔ مسئلہ کشمیر کے حل تک خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا پاک بھارت جنگ کا صرف پاکستان اور بھارت کو نہیں بلکہ پوری دنیا کو نقصان ہو گا۔ اطلاعات تھیں کہ الیکشن سے پہلے مودی ایسا ماحول بنائیں گے، جنگ کسی کی سگی نہیں ہر طرف تباہی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سے زیادہ دہشت گردی کا سامنا کس نے کیا؟ ایوان افواج پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ وزیراعظم کی کوششوں سے پاکستان مشرق وسطیٰ میں اہم کھلاڑی بن کے ابھرا ہے۔