Wednesday, April 24, 2024

پاکستان کا امریکی سفیر سے بلوچستان ڈرون حملے پر شدید احتجاج‘ پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد منظور

پاکستان کا امریکی سفیر سے بلوچستان ڈرون حملے پر شدید احتجاج‘ پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد منظور
May 23, 2016
اسلام آباد / لاہور (92نیوز) بلوچستان کے علاقے میں پہلے امریکی ڈرون حملے کا معاملہ‘ امریکی سفیر کی دفتر خارجہ طلبی، پاکستان کا شدید احتجاج۔ معاون خصوصی طارق فاطمی نے وزیراعظم نواز شریف سے منظوری لیکر امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کو دفتر خارجہ طلب کیا۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ بلوچستان میں امریکی ڈرون حملے کے معاملے پر دفتر خارجہ نے امریکی سفیر کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کو پاکستان کی جانب سے احتجاج ریکارڈ کرایا۔ ترجمان کے مطابق معاون خصوصی طارق فاطمی نے امریکی سفیر پر واضح کیا کہ ڈرون حملے پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کے خلاف ہیں۔ ایسے اقدامات سے چار ملکی کور گروپ کا افغان امن عمل متاثر ہو سکتا ہے۔ طارق فاطمی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم اتحادی ہیں۔ پاکستان سمجھتا ہے کہ اس اتحاد کو برقرار رہنا چاہیے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق امریکی سفیر کو طلب کرنے کے معاملہ پر گزشتہ 24 گھنٹوں سے مشاورت جاری تھی۔ آج صبح دفتر خارجہ میں ایک اہم اجلاس ہوا جس میں امریکی سفیر کو دفترخارجہ طلب کرکے سخت احتجاج کرنے کی تجویز سامنے آئی۔ وزیراعظم کے مشیر طارق فاطمی نے وزیراعظم نواز شریف کو لندن فون کرکے منظوری لی جس کے بعد امریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے بلوچستان کے علاقے نوشکی میں ہونےو الے ڈرون حملے پر شدید احتجاج کیا گیا۔ دوسری جانب پنجاب اسمبلی نے بلوچستان میں امریکی ڈرون حملے کیخلاف قرارداد منظور کر لی۔ قرارداد پیپلز پارٹی کی رکن فائزہ ملک کی جانب سے جمع کرائی گئی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ڈرون حملے پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری پر حملہ ہیں اور یہ ایوان پاکستان میں امریکی ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ امریکہ پاکستان میں ڈرون حملے فوری بند کرے اور حکومت پاکستان اس معاملے پر امر یکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج کرے۔